پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی(پھاٹا) کو جدید خطوط پہ استوار کریں گے، بیرسٹر سلطان باجوہ
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )پارلیمانی سیکرٹری برائے ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ پنجاب بیرسٹر سلطان باجوہ نے کہا ہے کہ پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی کو جدید خطوط پر استوار کریں گے۔ اس سلسلے میں جامع اصطلاحات کی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہاؤسنگ ایجنسی کے دورے کے موقع پر کیا۔ ڈائریکٹر جنرل(پھاٹا) سیف انور جپا نے پارلیمانی سیکرٹری کو محکمانہ امور پر بریفنگ دی۔
بیرسٹر سلطان باجوہ نے کہا کہ محکمے کو درپیش چیلنجز کا ادراک ہے وہ وزیر اعلی پنجاب کی خصوصی ہدایت کی روشنی میں اس پہ کام کر رہے ہیں۔ محکمہ کے لیگل ونگ کو مضبوط کیا جائے گا اور مطلوبہ ہیومن ریسورس بھی مہیا کی جائے گی۔ محکمہ کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے مروجہ قوانین کا جائزہ لیا جائے گا اور جہاں بھی ضرورت ہوئی قانونی سقم کو دور کیا جائے گا۔ حکومت پنجاب اس سلسلے میں معاونت فراہم کرے گی۔
پارلیمانی سیکرٹری نے پھاٹا کی جانب سے ٹال فری نمبر اور ویب پورٹل کے اجراء پہ اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ میں کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے اس سلسلے میں موقع پہ ہدایات بھی جاری کیں اور ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ مرتب کرنے کا حکم دیا-