مخصوص نشستوں کے معاملے پر سپیکرپنجاب اسمبلی نے بھی الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایاز صادق کے بعد سپیکر پنجاب اسمبلی نے بھی مخصوص نشستوں کے معاملے پرالیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کی جانب سےلکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ترمیم شدہ الیکشن ایکٹ اور پارلیمانی بالادستی پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔خط میں کہا گیا ہے کہ جمہوری عمل پارلیمنٹ کی خود مختاری اور ہمارے جمہوری نظام کی بنیاد ہے، ضروری ہے کہ اس اصول کو تمام فیصلوں اور اقدامات پر برقرار رکھا جائے۔ملک احمد خان نے مزید لکھا ہے کہ پارلیمنٹ کی خودمختاری کو مجروح کرنا جمہوریت کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے اپنے خط میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ فیصلے کے بعد پارلیمنٹ نے الیکشن ایکٹ دوسرا ترمیمی بل منظور کر لیا ہے۔انہوں نے لکھا کہ قانون سازی پارٹی وابستگی کے تقدس کی بحالی کو برقرار رکھنے کا عکاس ہے، قانون سازی کے تحت آزاد اراکین کی کسی سیاسی جماعت سے وفاداری دوبارہ تبدیل نہیں ہوسکتی۔
نئی قانون سازی کے بعد سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد قانونی طور پر قابل عمل نہیں رہا، ترمیم شدہ الیکشن ایکٹ اس وقت نافذالعمل ہے، پارلیمنٹ کے واضح کردہ قوانین کی وضح کردہ قوانین کی پابندی کرنا آئینی ادارے کا قانونی فرض ہے۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے اپنے مکتوب میں مزید کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آزاد اراکین سیاسی وابستگیوں کے معاملے پر الیکشن ایکٹ پر عملدرآمد کا پابند ہے، الیکشن ایکٹ کی دفعات کو بغیر کسی تاخیرکے لاگو کیا جائے۔