چوتھا ٹیسٹ، آسٹریلیا نے بھارت کو زور دار جھٹکا دیدیا
میلبرن(ڈیلی پاکستان آن لائن )آسٹریلیا نے چوتھے ٹیسٹ میچ میں بھارتی ٹیم کے غرور کو خاک میں ملاتے ہوئے 184 رنز سے شکست دیدی جبکہ بھارت کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کی تمام امیدیں دم توڑ چکی ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے بھارت کو جیت کیلئے 340 رنز کا ہدف دیا لیکن پوری بھارتی ٹیم صرف 155 رنز بنا کر پولین لوٹ گئی جس میں یشوی جیسوال کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہوا بلکہ پوری بھارتی ٹیم میں سے صرف دو ہی کھلاڑی یسوی جیسوال اور رشب پنت ڈبل فگر میں داخل ہوئے ، رشب نے 30 رنز بنائے ۔ باقی تمام کھلاڑی آتے اور پولین لوٹتے رہے ۔
آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 474 رنز بنائے جس میں میزبان ٹیم کے سٹیون سمتھ نے بھارتی باولرز کا بھرکس نکال دیا 140 رنز کی اننگ کھیل کر بڑا ٹوٹل بنانے میں اہم کردار ادا کیا ۔ اوپننگ پر آنے والے سیم کونسٹاس کو کون بھول سکتاہے جن کی کوہلی کے ساتھ میدان میں تلخ کلامی آج کل موضوع بحث بنی ہوئی ہے جبکہ کوہلی کو ان کے ساتھ پنگا لینا بھی مہنگا پڑا ۔انہوں نے 60 رنز بنائے جبکہ مارنس لبوشین 72 ، عثمان خواجہ 52 رنز جبکہ پیٹ کمنز 49 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔
بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ نے 4 ، رویندرجدیجہ نے تین ، آکاش دیپ نے دو اور واشنگٹن سندر نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا ۔
474 رنز کے جواب میں بھارت کی پوری ٹیم 369 رنز بنا کر پولین لوٹ گئی اور 105 رنز کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔، بھارت کی جانب سے نتیش کمار ریڈی 114 اور یشوی جیسوال 82 رنز بنا کر نمایاں رہے ، ویرات کوہلی 36 ، رشب پنت 28 جبکہ کے ایل راہول 24 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے ، ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہو پایا ۔
آسٹریلیا نے دوسری اننگ میں 234رنز بنائے اور بھارت کو جیت کیلئے 340 رنز کا ہدف دیا ۔ آسٹریلیا کی جانب سے اوپنر کونسٹاس صرف 8 رنز ہی بنانے میں کامیاب ہوئے بمراہ کی گیند پر بولڈ ہو گئے ، مارنس لبوشین 71 اور پیٹ کمنز 41 ، نیتھن لیون 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔
دوسری اننگ میں بھارتی باولر جسپریت بمراہ نے 5 ،محمد سراج نے تین اور رویندر جدیجہ نے ایک وکٹ حاصل کی ۔