سعودی عرب میں تو چاند نظر آگیا لیکن امارات میں عید کب ہوگی؟
ابو ظہبی (ڈیلی پاکستان آن لائن) رمضان کے مقدس مہینے کے اختتام کا اشارہ دینے والا ہلال کا چاند جمعرات کی شام متحدہ عرب امارات میں دیکھا گیا، لہٰذا عید الفطر 2023 کا پہلا دن 21 اپریل بروز جمعہ کو ہے۔ یہ تاریخ اسلامی کیلنڈر کے مہینے شوال کا پہلا دن بھی ہے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق اس کا مطلب ہے کہ متحدہ عرب امارات کے رہائشیوں کو اسلامی تہوار کو منانے کے لیے 4 دن کا وقفہ ملے گا۔ سال کا پہلا طویل ویک اینڈ جمعرات کو شروع ہوا، اور دفاتر اور سکول پیر 24 اپریل کو دوبارہ کھلیں گے۔
چاند دیکھنے والی کمیٹی نے متحدہ عرب امارات کے تمام مسلمانوں کو 29 رمضان (جمعرات) کی شام کو چاند دیکھنے کی کوشش کرنے کی دعوت دی تھی۔ خیال رہے کہ سعودی عرب میں بھی شوال کا چاند نظر آچکا ہے اور وہاں بھی عید الفطر جمعہ کو منائی جائے گی۔ دوسری جانب پاکستان میں عید کا چاند نظر نہیں آیا اس لیے یہاں 30 روزے پورے ہوں گے اور اس کے بعد ہفتے کو عید منائی جائے گی۔