دبئی میں سیزن شروع، فی کلو آم کتنے میں فروخت ہو رہے ہیں؟

دبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) واٹرفرنٹ مارکیٹ میں آموں کا سیزن زور و شور سے جاری ہے، جہاں مختلف ممالک سے درآمد شدہ آموں کی 20 سے زائد اقسام دستیاب ہیں۔ یہاں پاکستان، بھارت ، یمن، تھائی لینڈ، پیرو اور کولمبیا کے آم فروخت کیے جا رہے ہیں۔ آموں کی قیمت 10 درہم سے 35 درہم (تقریباً 765 روپے سے 2700 روپے) فی کلو تک ہے۔
خلیج ٹائمز کے مطابق مارکیٹ کے ایک دکاندار واجد علی نے بتایا کہ آموں کے سیزن میں خریداروں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے۔ "بہت سے خاندان صرف آم خریدنے آتے ہیں، اور کلو نہیں بلکہ پورے ڈبے لیتے ہیں۔"
فی الوقت مارکیٹ میں دستیاب آموں کی قیمتیں درج ذیل ہیں:
یمنی آم (سب سے سستے): 10 درہم فی کلو
الفانسو: 35-45 درہم فی ڈبہ
پیرووی آم: 35 درہم فی کلو یا 90-110 درہم فی ڈبہ (4-5 کلو)
کولمبین منی آم (نایاب): 90-100 درہم فی ڈبہ
کمبوڈیائی اور چینی آم: 18 درہم فی کلو
ذائقے کے لحاظ سے بھی آموں کی اقسام میں تنوع پایا جاتا ہے۔ شیریں ذائقے کے شوقین افراد کے لیے کیسر، عاطفلو (ہنی مینگو) اور کاراباؤ دستیاب ہیں، جبکہ کھٹے ذائقے کے لیے ٹوٹا پوری، کیٹ اور نیم ڈاک مائی دستیاب ہیں۔ جوس بنانے والوں کے لیے دشیری اور ویلنشیا پرائیڈ جیسی اقسام موجود ہیں جو بغیر ریشے کے ہیں۔ مارکیٹ میں دیگر دستیاب اقسام میں لنگڑا، بنگن پَلّی، تیمور، عویس اور نیلم بھی شامل ہیں۔
فروٹ وینڈر محمد نجیب نے بتایا کہ اگرچہ اس وقت کچھ درآمدی اقسام مہنگی ہیں، لیکن آئندہ ہفتوں میں جب زیادہ مقدار میں آم مارکیٹ میں آئیں گے تو قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔