دنیا کے 50 عظیم ترین کھلاڑیوں کی فہرست جاری
دنیائے کھیل میں ہر کھلاڑی کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ عمدہ پرفارمنس سے شائقین کے دل جیت سکے اور پوری دنیا میں اپنے ملک کانام روشن کرے اس جدوجہد میں کھلاڑیوں کو طویل عرصہ لگ جاتا ہے شائقین کی جانب سے کھلاڑیوں کو بھرپور پذیرائی اس بات کا ثبوت ہوتا ہے کہ وہ بڑا کھلاڑی ہے پاکستان میں بھی کئی ایسے کھلاڑی ہیں جنہوں نے کھیل کی دنیا میں گرانقدر خدمات سر انجام دی ہیں لیکن اس کے باوجود وہ کوئی بڑا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں اگر دنیا بھر میں کھیلے جانے والے کھیلوں کی بات کی جائے تو کم از کم پچاس سے زائد ا یسے کھیل ہیں جن میں کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کامظاہرہ کرتے ہیں اور کئی کھیل بہت مقبول ہیں جن میں کرکٹ، فٹبال، ہاکی، باکسنگ،رگبی اور باسکٹ بال سرفہرست ہیں جن سے وابستہ کھلاڑیوں کو پوری دنیا میں ایک خاص مقام حاصل ہے حال ہی میں دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے پچاس عظیم ترین کھلاڑیوں کا نام منظر عام پر آیا ہے جن میں پا کستان کو بھی اعزاز حاصل ہوا ہے پاکستان کے نامور سکواش کھلاڑی جہانگیر خان کسی تعارف کے محتاج نہیں ہیں اور انہوں نے پوری دنیا میں ایک طویل عرصہ ملک کا نام روشن کیا ہے اور مسلسل کئی برس ان کو بڑے ایونٹس جیتنے کا بھی اعزاز حاصل رہا ہے جس کی بنیاد پر ان کو دنیا کے پچاس عظیم ترین کھلاڑیوں کی فہرست میں جگہ ملی ہے جو یقینی طور پر پاکستانی قوم کے لئے ایک بہت بڑا اعزاز ہے دنیا کے 50 عظیم ترین کھلاڑیوں کی فہرست کے مطابق پاکستان کا واحد کھلاڑی بھی شامل کیا گیا ہے۔ آسٹریلیا کے معروف اخبار سڈنی مارننگ ہیرلڈ کی جانب سے اس فہرست کو کھیلوں کے ممتاز صحافیوں کی مشاورت سے ترتیب دیا گیا ہے۔فہرست میں باسکٹ بال اسٹار مائیکل جارڈن کو دنیا کا سب سے عظیم کھلاڑی قرار دیا گیا ہے، جبکہ اولمپک چیمپئن یوسین بولٹ کو دوسرا اور ٹینس لیجنڈ سرینا ولیمز کو تیسرا مقام حاصل ہوا۔دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں کرکٹ کے سر ڈان بریڈمین کو چوتھے، اور باکسنگ کے عظیم محمد علی کو پانچویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔بھارت کی جانب سے واحد کھلاڑی، کرکٹ لیجنڈ سچن ٹنڈولکر کو 37ویں نمبر پر شامل کیا گیا ہے، جبکہ فٹبال کے عالمی شہرت یافتہ لیونل میسی، ٹینس کے راجر فیڈرر، گالف کے ٹائیگر ووڈز، جمناسٹ سیمون بائیلز اور تیراک مائیکل فلپس بھی اس فہرست کا حصہ ہیں۔اسکواش کی دنیا کے کامیاب ترین کھلاڑیوں میں شمار ہونے لیجنڈری جہانگیر خان کو اس فہرست میں 25ویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔ اخبار نے ان کی کارکردگی کو ناقابل تسخیر قرار دیتے ہوئے لکھا کہ وہ اپنے وقت کے بے مثال کھلاڑی تھے۔جہانگیر خان نے اپنے کیریئر میں 10 برٹش اوپن اور 6 ورلڈ اسکواش ٹائٹلز جیتے، وہ پانچ سال تک مسلسل 555 میچز میں ناقابل شکست رہے جو آج تک ایک عالمی ریکارڈ ہے۔جہانگیر خان کی شمولیت پاکستان کے لیے باعث فخر ہے۔ وہ نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی کھیلوں کی دنیا میں ایک نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ ان کی کامیابیاں آج بھی لاکھوں نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔