مخالفین کو سمجھ نہیں آرہی کہ پنجاب میں ترقی کیسے ہو رہی ہے:مریم نواز
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ مخالفین کو سمجھ نہیں آرہی کہ پنجاب میں ترقی کیسے ہو رہی ہے۔
نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ڈیرہ غازی خان کے طلبا میں سکالرشپس تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ سکالرشپس بچوں کی محنت کا صلہ ہے اور میں تمام بچوں سے اپنے بچوں کی طرح پیار کرتی ہوں۔ سکالرشپس حاصل کرنے والے طلبا کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اتنا پیار مل رہا ہے کہ میں آپ کا شکریہ بھی ادا نہیں کرسکتی۔ میں ہر ڈویژن میں خود گئی اور بچوں کو سکالرشپس دیں۔ طلبا کو 30 ہزار سکالرشپس میرٹ پر دی گئیں اور اگرایک سکالرشپ بھی سفارش پر دی گئی تو میں استعفیٰ دے کر گھر چلی جاﺅں گی۔
مریم نواز نے کہا کہ مخالفین کا کام صرف پراپیگنڈا کرنا ہے اور مخالفین کو سمجھ ہی نہیں آرہی کہ کیا ہو رہا ہے۔ مخالفین سوچ رہے ہیں کہ میری اور طلبا کی محبت کا کیا جواب دیں جبکہ کل مخالفین کہہ رہے تھے کہ یہ سب ڈرامہ ہوتا ہے۔ مخالفین نے جھوٹ میں آنکھ کھولی اور بڑے ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ میرے کندھوں پر آپ کے خواب پورے کرنے کا بوجھ ہے اور طلبا کی تعلیم میں بہتری کے لئے محنت کے سوا کوئی راستہ نہیں۔ پاکستان کی 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور تمام لوگ پاکستان کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے طلبا کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام طلبا خود کو بدتہذیبی اور بدتمیزی سے دور رکھیں۔ اور میں کبھی نہیں کہوں گی کہ کسی کو گالی دو۔ سوشل میڈیا پر جھوٹ کا بازار گرم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈی جی خان میں جلد لیپ ٹاپ اور ای بائیکس سکیم بھی شروع کریں گے۔ پاکستان ہماری ریڈ لائن اور شہدا ہمارا فخر ہیں جبکہ جن کے پاس بتانے کے لئے کارکردگی نہیں وہ جھوٹ کا سہارا لیتے ہیں۔ سچ تسمے باندھ رہا ہوتا ہے اور جھوٹ دنیا کا چکر لگا کر واپس آجاتا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ گالم گلوچ، پگڑیاں اچھالنا اور جھوٹ بولنا میرا کوئی بچہ یہ سوچے گا بھی نہیں اور کبھی کسی کے بہکاوے میں نہ آنا۔
خیبر پختونخوا حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے پنجاب پر حملہ کیا گیا تو سر شرم سے جھک گیا۔ بچوں کے ہاتھوں میں پٹرول بم دینے والے پراپیگنڈا کر رہے ہیں۔ اور 10 سال سزا پانے والے بچوں کو ورغلانے والے ملک سے باہر بیٹھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم موٹرویز بناتے ہیں اور یہ کہتے ہیں آﺅتوڑ دو سب کچھ۔ تذلیل کی زبان ان کو مبارک ہو لیکن ہم تدریس کی زبان والے ہیں۔ میں کسی بدترین مخالف کو بھی گالی دینے کا نہیں کہوں گی اور یہ نہیں ہوسکتا کہ میری حکومت نہیں تو آگ لگا دو۔ ملک میں مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر 4 فیصد پر آگئی ہے۔