ڈونلڈ ٹرمپ کی عمر 78 سال لیکن کون سے امریکی صدر نے سب سے طویل عمر پائی؟
واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) ڈونلڈ جے ٹرمپ 78 برس کی عمر میں امریکہ کے 47 ویں صدر کا حلف اٹھا رہے ہیں لیکن کیا آپ کو پتا ہے کہ امریکی صدور میں سب سے لمبی عمر کس صدر نے پائی؟
الجزیرہ ٹی وی کے مطابق سب سے طویل عمر پانے والے امریکی صدر جمی کارٹر تھے۔ سابق امریکی صدر جمی کارٹر کی 29 دسمبر 2024 کو 100 سال کی عمر میں موت ہوئی۔ وہ ایک ٹرم کے لیے 1977 سے 1981 تک 39 ویں صدر رہے اور صدارت کے بعد 43 سال تک زندہ رہے، جو کسی بھی امریکی صدر کے مقابلے میں طویل ترین عرصہ ہے۔
امریکہ کے 47 میں سے 41 صدور اگلے جہان پہنچ چکے ہیں ۔ ان میں سے چھ کی عمر 90 سال سے زیادہ ہوئی جبکہ پانچ صدور 80 سے 90 سال کے درمیان زندہ رہے۔ امریکی صدور کی موت کی اوسط عمر 72 سال رہی۔ جان ایف کینیڈی جو امریکہ کے 35 ویں صدر تھے سب سے کم عمر میں وفات پانے والے صدر ہیں۔ انہیں 1963 میں 46 سال کی عمر میں قتل کر دیا گیا تھا۔