طلاق کے بعد احد رضا میر اور سجل علی کی پہلی بار ایک ساتھ تقریب میں شرکت
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)ماضی میں آن سکرین بہترین جوڑی کا ہم ایوارڈ جیتنے والے اداکار احد رضا میر اور سجل علی طلاق کی خبروں کے بعد پہلی بار ایک تقریب میں شریک ہوئے۔دونوں شخصیات کو جہاں آن سکرین پسند کیا جاتا رہا ہے، وہیں دونوں کو شادی کے بعد بھی رومانوی ترین جوڑی قرار دیا جاتا تھا۔احد رضا میر اور سجل علی نے مارچ 2020 میں شادی کی تھی، تاہم مارچ 2022 میں ان کے درمیان طلاق کی خبریں سامنے آئیں۔
اگرچہ دونوں نے خود طلاق کی خبروں پر تین سال گزر جانے کے باوجود کوئی بات نہیں کی، تاہم شوبز شخصیات وقتا بوقتا ان کی شادی ٹوٹنے کی بات کرتی رہتی ہیں۔حال ہی میں دونوں کو ہم ٹی وی کی بیسویں سالگرہ کے حوالے سے منعقد ہونے والی پر وقار تقریب میں ایک ساتھ دیکھا گیا۔
ہم ٹی وی کی بیسویں سالگرہ کی تقریب 18 اور 19 جنوری کی درمیانی شب سندھ کے دارالحکومت کراچی میں منعقد ہوئی، جس میں متعدد شوبز، سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی تھی۔
تقریب میں نہ صرف احد رضا میر والد آصف رضا میر کے ہمراہ شریک ہوئے بلکہ سجل علی کو بھی تقریب میں دیکھا گیا۔ایک موقع پر سجل علی اور احد رضا میر دوسرے متعدد اداکاروں کے ہمراہ ایک ساتھ اسٹیج پر بھی دکھائی دیے، تاہم دونوں نے ایک دوسرے سے مصافحہ نہیں کیا اور نہ ہی ایک دوسرے کی طرف دیکھا۔