وہ شخص جو صرف ایک مہینے تک امریکہ کا صدر رہا
واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) سنہ 1951 سے پہلے امریکی صدور کے لیے مدت کی کوئی حد مقرر نہیں تھی۔ تاہم 22ویں ترمیم جو 27 فروری 1951 کو منظور کی گئی، نے صدور کے لیے دو ٹرمز کی حد مقرر کر دی۔ یہ اقدام سابق صدر فرینکلن ڈی روزویلٹ کی چار مدتوں کے بعد اٹھایا گیا۔ وہ جو 1933 سے 1945 تک صدر رہے۔ اس کے علاوہ ایک صدر ایسے بھی تھے جنہوں نے صرف ایک مہینے تک اپنے عہدے پر کام کیا۔
فرینکلن ڈی روزویلٹ امریکی تاریخ کے سب سے طویل مدت تک صدر رہنے والے شخص ہیں۔ انہوں نے 12 سال سے زیادہ عرصہ تک امریکہ پر حکمرانی کی۔ وہ اپنی چوتھی مدت کے دوران 63 سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ امریکی صدور کی اکثریت نے صرف ایک ہی مدت پوری کی ہے۔ 46 صدور میں سے صرف 15 صدور نے دو یا اس سے زیادہ ٹرمز پوری کی ہیں۔
الجزیرہ ٹی وی کے مطابق امریکی تاریخ کے سب سے کم مدت تک صدر رہنے والے ولیم ہنری ہیریسن تھے جو اپنی مدت کے صرف ایک مہینے بعد 4 اپریل 1841 کو وفات پا گئے تھے۔
خیال رہے کہ امریکی آئین کی 22 ویں ترمیم کسی بھی شخص کو دو سے زیادہ مدت کے لیے صدر بننے سے روکتی ہے۔ اگر کوئی شخص کسی اور صدر کی مدت کے دوران دو سال سے زیادہ عرصے کے لیے صدر کے طور پر خدمات انجام دیتا ہے تو وہ صرف ایک اضافی مدت کے لیے صدر بن سکتا ہے۔