مشکل وقت کے ساتھی سعودی عرب پر کسی کو حملہ نہیں کرنے دیں گے: عمران خان

مشکل وقت کے ساتھی سعودی عرب پر کسی کو حملہ نہیں کرنے دیں گے: عمران خان
مشکل وقت کے ساتھی سعودی عرب پر کسی کو حملہ نہیں کرنے دیں گے: عمران خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ریاض (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا پاکستان بھی ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہے گا، کسی کو سعودی عرب پر حملہ نہیں کرنے دیں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے سعودی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ملک میں غربت کی سب سے بڑی وجہ کرپشن ہی ہوتی ہے، سعودی عرب میں کرپشن کے خلاف مہم قابل ستائش ہے، کرپشن کے خلاف سعودی حکومت کی طرزپراقدامات چاہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ وہ ایک عام شخص ہیں جس نے سخت محنت سے اپنے خوابوں کو سچ کر دکھایا ، آخری خواب پاکستان کو عدل پر مبنی فلاحی اسلامی ریاست بنانا ہے، پاکستان میں چین جیسی ترقی لانا چاہتا ہوں ، چین کی طرح پسماندہ طبقے کو اوپر لائیں گے، فنڈ انفراسٹرکچر کی بجائے عوام پر خرچ ہوگا، ادارے مضبوط کریں گے اور کوئی شخص قانون سے بالاتر نہیں ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہے گا، حوثی باغیوں کے معاملے میں ریاض کی مدد کریں گے اور کسی کو سعودی عرب پر حملہ نہیں کرنے دیں گے، پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
عمران خان نے کہا کہ ضرورت پڑی توتنازع یمن کے حل کے لیے مثبت کردار ادا کرنے کوتیارہیں، تنازعات کے فوجی حل پریقین نہیں رکھتا۔مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے سعودی عرب بڑا کردارادا کرسکتا ہے، تمام تنازعات کا حل مذاکرات سے ہی نکالا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں مفاہمت کارکا کردارادا کرنا چاہتا ہے، دہشت گردی کے خلاف پاکستان سے بہترکوئی مشورہ نہیں دے سکتا۔ انسداد دہشت گردی کے لیے سیاسی ڈائیلاگ کا راستہ بھی ہونا چاہیے۔افغان مسئلے سے متعلق عمران خان نے کہا کہ افغانستان کے مسئلے کے سیاسی حل کی بات پرہمیں طالبان نواز کہا گیا، اب سب کواحساس ہوگیا کہ مسئلہ افغانستان کا حل صرف سیاسی ہے۔ ایران کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ایران سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں
وزیراعظم نے کہا کہ مسلمان ممالک کومغرب کی طرف سے نئی طرح کی استعماریت کا سامنا ہے، انسانی حقوق کے نام پرمغربی کلچرتھوپنے کی کوشش کی جارہی ہے، دوسرا کلچرتھوپنے سے ملک ترقی نہیں کرتا، یہ ثقافتی سامراجیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب سے ہماری پارٹی نے اقتدارسنبھالا ایک دن بھی چھٹی نہیں کی، الیکشن کے بعد سے اہل خانہ کے لیے زیادہ وقت نہیں نکال سکا۔پاکستان کوبہت سے مسائل درپیش ہیں، پہلے 3 سے 4 ماہ کٹھن ہوں گے، پاکستان میں طرزحکمرانی اورلوگوں کا مائنڈ سیٹ تبدیل کریں گے۔