قدرتی آفت آئی ہوئی ہے، عمران روزانہ کیچڑ اچھال رہے ہیں،فضل ا لرحمن
شکارپور(این این آئی) سربراہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)مولانا فضل الرحمن نے کہاہے قدرتی آفت آئی ہوئی ہے اور عمران خان جلسے پر جلسے کرنے سمیت کیچڑ اچھال رہے ہیں۔ شکارپور میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے یہ بھی کہا آج عمران خان آزادی دلانے کی باتیں کر رہے ہیں، وہ نشے میں ہیں یا صحیح حالت میں کچھ پتا نہیں وہ کیا کہنا چاہتے ہیں، انہیں سننے والے بھی بڑے احمق قسم کے لوگ ملے ہیں، جو ان کے سامنے اچھلتے اور کودتے ہیں۔انہوں نے کہا مسئلہ یہ نہیں کہ عمران خان نے ملک کو تباہ کیا، مسئلہ یہ ہے ملک کو اٹھا ئیں گے کیسے؟۔قبل ازیں مرکزی امیرجمعیت علما اسلام مولانا فضل الرحمن نے پیرکو سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں سکھر، شکار پور، گڑ ھی یاسین، رتوڈیرو اور دیگر متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، متاثرین سے ملاقاتیں کیں اور ہمدردی کا اظہار کیا، جبکہ سیلاب متاثرین میں نقد رقم تقسیم کی۔اعلامیہ میں بتایا گیا مولانا فضل الرحمن آج لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ، دادو، جوہی اور دیگر علاقوں کا فضائی دورہ بھی کریں گے، جبکہ وہ سکھر، پنوعاقل، گھوٹکی اور دیگر متاثرہ علاقوں میں راشن تقسیم کریں گے، مولانا فضل الرحمن نے اس حوالے سے کہا سیلاب متاثرین کے دکھ کی گھڑی میں انکے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
فضل الرحمن