عافیہ صدیقی کی رہائی اور وطن واپسی کیس ،وزارت خارجہ کو پاکستانی سفارتخانہ سے مؤقف لے کر رپورٹ جمع کرانے کا حکم
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور وطن واپسی کیس کی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کردیاگیا، جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے تحریری حکمنامہ جاری کیا، پاکستانی سفیر کی حکومتی وفد کی ارکان کانگریس سے ملاقاتوں میں عدم شرکت پر جواب طلب کر لیا گیا،وزارت خارجہ کو پاکستانی سفارتخانہ سے مؤقف لے کر رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل "دنیا نیوز" کے مطابق حکمنامے میں عدالت نے کہاکہ پاکستانی سفیر کو حکومتی وفد کی ملاقاتوں میں شرکت کرنی چاہیے تھی،عدالت نے رحم کی اپیل کے بعد وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے بیرون ممالک دوروں کی تفصیلات طلب کرلیں۔
حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ وزارت خارجہ کے مطابق وزیراعظم کے امریکی صدر کو خط کا جواب نہیں آیا،اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہاکہ امریکا میں پاکستانی سفیر نے کردار ادا کرنے کیلئے وقت نہیں نکالا، وزارت خارجہ آئندہ سماعت پر رپورٹ جمع کرائے،کیس 13جنوری کو سماعت کیلئے مقرر کیا جائے۔