صنم جاوید کے والد کی بازیابی کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) پی ٹی آئی کارکن صنم جاوید کے والد جاوید اقبال کی بازیابی کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔
لاہور ہائیکورٹ میں درخواست صنم جاوید کی والدہ روبینہ جاوید نے بیرسٹر خدیجہ کی وساطت سے دائر کی، درخواست میں آئی جی پنجاب اور وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مو¿قف اختیار کیا گیا ہے کہ کل رات 20 کے قریب پولیس اہلکاروں نے صنم جاوید کے گھر ریڈ کی، پولیس اہلکاروں نے صنم جاوید کے بارے میں دریافت کیا اور صنم جاوید کے والد کو حراست میں لے لیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا کہ صنم جاوید کی والدہ تمام رات ایک سے دوسرے تھانے خوار ہوتی رہیں، والد کو حراست میں لے کر صنم جاوید کو 21 ستمبر کے جلسے کے پیش نظر ہراساں کرنے کی کوشش کی گئی، پولیس گزشتہ کئی دنوں سے صنم جاوید کے گھر ریڈ کر رہی ہے۔
درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ صنم جاوید کے والد جاوید اقبال کو عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دے۔