داؤد ابراہیم کے نیٹ ورک سے تعلق ہونے کی خبر دینے پر سلمان خان نے بھارتی خبررساں ایجنسی کو نوٹس بھیج دیا
ممبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن) بالی ووڈ کے سپر سٹار سلمان خان نے خبر رساں ایجنسی ایشیا نیوز انٹرنیشنل (ANI) کے خلاف قانونی نوٹس جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے الزام لگایا ہے کہ ایک حالیہ مضمون میں ان کے بارے میں بے بنیاد الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اے این آئی میں یہ مضمون 4 ستمبر کو شائع ہوا تھا، جس میں وکیل امیت مشرا کے بیانات شامل تھے، جو ان دو افراد کی نمائندگی کر رہے ہیں جو سلمان خان کے گھر کے قریب فائرنگ کے واقعے میں ملوث ہیں۔مضمون میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ خان کا معروف مافیا ڈان داؤد ابراہیم کے نیٹ ورک سے تعلق ہے۔
سلمان خان نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بے بنیاد الزامات ان کی شہرت کو نقصان پہنچانے کے لیے لگائے گئے ہیں۔اداکار نے اپنی وکیل کی مدد سے ANI اور مشرا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ 48 گھنٹوں کے اندر بڑے اخبارات میں غیر مشروط معافی شائع کریں اور اصل مضمون کو واپس لیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو قانونی کارروائی کی جائے گی۔