سکواش لیجنڈ ہاشم خان کا انتقال

سکواش لیجنڈ ہاشم خان کا انتقال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پاکستان کی جانب سے پہلی مرتبہ برٹش اوپن چیمپئن شپ جیتنے والے سکواش کے لیجنڈ کھلاڑی ہاشم خان انتقال کر گئے ، وہ 1951ء سے 1958ء تک مسلسل برٹش اوپن چیمپئن کے فاتح رہے، اس کے علاوہ وہ پانچ مرتبہ برٹش پروفیشنل چیمپئن شپ اور تین تین مرتبہ یو ایس اوپن سکواش اور کینیڈین اوپن سکواش کے فاتح رہے، انہوں نے ایک متوسط گھرانے میں آنکھ کھولی، ان کے والد عبداللہ خان پشاور کے ایک کلب میں ملازمت کرتے تھے جہاں انگریز فوجی افسر سکواش کھیلا کرتے تھے، اسی دوران ہاشم خان کھلاڑیوں کے بال بوائے کی حیثیت سے خدمات انجام دینے لگے، جن کا کام یہ ہوتا ہے کہ وہ اِدھر اُدھر بکھرے ہوئے سکواش کے بال جمع کرکے لاتے تھے جو کھیل کے دوران کورٹ میں بکھر جاتے تھے یہیں سے ہاشم خان کو کھیل کا شوق پیدا ہوا اور جب فوجی افسر کھیل کر چلے جاتے تو ہاشم خان دوسرے بچوں کے ساتھ وہیں سکواش کھیلنے لگتے، پھر وہ 1942ء میں برٹش ائر فورس آفیسرزمیس میں سکواش کوچ بن گئے ، 1944ء میں انہوں نے ممبئی (اس وقت بمبئی ) میں پہلی آل انڈیا سکواش چیمپئن شپ چیت کر اپنی کامیابیوں کا آغاز کیا اور پھر یہ سلسلہ درازتر ہوتا گیا۔ ہاشم خان نے اپنی محنت سے کامیابیاں حاصل کیں اور یہ ثابت کیا کہ جذبہ صادق کے ساتھ محنت کی جائے تو کامیابیوں کی معراج کو چھوا جاسکتا ہے، ان کی کامیاب زندگی کی کہانی یہی درس دیتی ہے ، ہمارے ہرقسم کے کھلاڑیوں کے لئے ان کی زندگی ایک سبق ہے، اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے اور انہیں اپنی رحمت کے سائے میں پناہ دے ۔

مزید :

اداریہ -