نا اہلوں کیخلاف گھیراتنگ، وقف املاک بورڈ میں تعیناتیاں، کنٹریکٹ توسیع کارکردگی سے مشروط

  نا اہلوں کیخلاف گھیراتنگ، وقف املاک بورڈ میں تعیناتیاں، کنٹریکٹ توسیع ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                                                    لاہور(خبر نگار)چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر سید عطاء الرحمن نے محکمے کی ترقی کے لئے نا اہل افراد کے گرد گھیرا تنک کردیا ہے اسی سلسلے میں متروکہ وقف املاک بورڈ میں مسلسل تبدیلی کا عمل جاری ہے۔ چیئر مین بورڈ ڈاکٹر سید عطاء الرحمن نے واضح کیا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی تکمیل میں محکمے کی بہتری کا کام ہر صورت مکمل ہو گا۔ اور جن گائیڈ لائنز کا تعین سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے کیا جا چکا ہے، ان پر عمل درآمد کرتے ہوئے ادارے کی کارکردگی کا گراف بہتر بنانا زونل ایڈمنسٹریٹرز، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹرز، رینٹ کلرک، پٹواری، قانونگو، تحصیلدار سمیت دیگر فیلڈ سٹاف کی بنیادی ذمہ داری ہے، جسے انہیں ہر صورت نبھانا ہے۔ دوران اجلاس چیئر مین سیکرٹری بورڈ فرید اقبال نے بھی انتظامی امور کی بابت بریفنگ دی۔ جس پر چیئر مین نے ہدایت کی کہ جزا و سزا کے عمل کے بغیر کوئی بھی ادارہ ترقی نہیں کر سکتا۔ کسی شخص کی ذاتی خواہش کے تابع ہوتے ہوئے محکمانہ قواعد و ضوابط ہر عمل درآمد ترک نہیں کیا جا سکتا ہے۔اس امر کا اظہار انہوں نے لاہور میں منعقد کی گئی زونل ایڈمنسٹریٹرز کانفرنس کے شرکاء سے خطاب میں کیاتھا۔ ڈاکٹر سید عطاء الرحمن نے ملک بھر میں تعینات زونل ایڈمنسٹریٹرز کو غیر مسلم وقف پراپرٹیز کے کرایوں کی مارکیٹ ریٹ کے مطابق از سر نو تشخیص اور وصولی کے کام میں تیزی لانے، قدیمی بقایات کی ریکوری کی شرح بہتر بنانے،وقف املاک پر موجود ناجائز قابضین کے خلاف تسلسل کے ساتھ آپریشن کلین اپ کر کے انہیں واگذار کروانے کا پابند بنا دیا۔جبکہ سروس آف ڈلیوری میں بہتری نہ لانے والوں کو مستقبل میں فیلڈ پوسٹنگ نہ دینے کا عندیہ دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حکومتی پالیسی کی روشنی میں ادارے میں نئی آسامیوں کی تخلیق اور فوری طور پر پہلے سے موجود آسامیوں کی اپ گریڈیشن ممکن نہیں۔آنے والے وقت میں متروکہ وقف املاک بورڈ کی ری سٹرکچرنگ کا کام شروع ہونے جا رہا ہے۔ حکومتی ترجیحات کی روشنی میں مستقبل میں دیگر اداروں کی طرح بورڈ میں بھی وفاقی حکومت کی پیشگی منظوری کے بعد بوقت ضرورت تین سالہ کنٹریکٹ کی بنیاد پر مارکیٹ سے پیشہ وارانہ اہلیت کے حامل افراد کو بھرتیاں کی جا سکیں گی۔ان کے کنٹریکٹ میں توسیع ان کی کارکردگی سے مشروط ہو گی۔

 کانفرنس میں سیکرٹری بورڈ فرید اقبال سمیت ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن ثناء اللہ خان، ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز سیف اللہ کھوکھر،ڈائریکٹر لیگل عظمی شہزادی، کمپیوٹر پروگرامرشبانہ آفرین، کنٹرولر آف اکاؤنٹس محمد مصطفی،ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن شاہد بشیر سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔