لاہور: شادی سے بچنے کیلئے نوجوان نے کیا کیا ؟ عجیب و غریب واقعہ
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )لاہور میں عجیب و غریب واقعہ پیش آیا جہاں ایک نوجوان نے شادی سے فرار کے لئے ڈکیتی کی جھوٹی کہانی بناکر خود کو گولی مارلی۔
نجی اخباردی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز کے ترجمان نے بتایا کہ واقعہ لاہور کے علاقے سبزازار میں پیش آیا، پولیس کو ڈکیتی کی اطلاع ملی جس میں علی حیدر نامی ایک شخص گولی لگنے سے زخمی ہوا۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے کیس کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم کو 24 گھنٹے میں حقیقت سے پردہ اٹھانے کی ہدایت کی جس کے بعد پولیس نے انکوائری شروع کی اور فوری طور پر واقعہ کے پیچھے چھپی اصل کہانی کا پتا لگا لیا۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ علی حیدر نے پورے واقعے کو خود ترتیب دیا، شادی کے لئے اہلخانہ کے دباو¿ سے بچنے کی کوشش میں اس نے خود کو گولی مار لی اور پولیس کو جھوٹی کال کرکے دعویٰ کیا کہ وہ ڈکیتی مزاحمت پر زخمی ہوگیا ہے۔
بعدازاں پولیس نے علی حیدر کو حراست میں لیا تو اس نے اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ گھر والوں کے شادی کے اصرار سے بچنے کے لئے میں نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔