ملتان: ہنوکا چھجہ سمیت اندروں شہر ہر ماہ کروڑوں کی بجلی چوری

ملتان: ہنوکا چھجہ سمیت اندروں شہر ہر ماہ کروڑوں کی بجلی چوری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان ( اعجاز مرتضیٰ سے) اندرون شہر بجلی چوری کا گڑھ بن گیا ۔ ہر ماہ ایک کروڑوں روپے کی بجلی چوری ہونے لگی ۔میپکو انتظامیہ بے بس ہو کر رہ گئی۔ذرائع کے مطابق اندرون شہر ہنو کا چھجہ ‘ محلہ لاٹو مصری‘ گڑ منڈی اور دیگر علاقوں میں بجلی چوری عروج پر ہے جہاں پر سیکڑوں افراد بجلی چو ری کرنے میں مصروف ہیں جنہوں نے براہ راست کنڈیاں لگا رکھی ہیں یا پھربوگس میٹر لگا رکھے ہیں ۔ گھروں کے چوباروں کی کھڑکیوں کے ساتھ سے گزرنے والے میپکو (بقیہ نمبر13صفحہ12پر )

کے مین تاروں پر کنڈیا ں لگائی ہو ئی ہیں۔ یو ایس ایڈ کی طرف سے لگائی گئی کیبل کو بھی کٹ لگا کر کنڈیاں لگائی ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ سیکڑوں بوگس میٹر لگائے گئے ہیں ۔مہینے میں 25روز بوگس میٹر چلتے ہیں جبکہ ریڈنگ سے چند روز قبل اصل میٹر لگالئے جاتے ہیں جن کی ریڈنگ کی جاتی ہے او ر اس کے بعد پھر بوگس میٹر لگالئے جاتے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ہر ماہ تقریباً5لاکھ یونٹس بجلی چوری کی جا رہی ہے جو کہ میپکو کا بڑا نقصان ہے ۔ کارروائی کرنے پر بجلی چور بدمعاشی اور حملوں پر اتر آتے ہیں ۔ میپکو اہلکار اپنی جان کے خوف سے کارروائی سے گریز کرتے ہیں ۔اس کے علاوہ با اثر افراد کے سیاستدانوں کے ساتھ بھی تعلقات ہیں جن کیلئے کسی بھی میپکو اہلکار کا تبادلہ کرانا مسئلہ نہیں ہے۔ میپکو سرویلنس ٹیموں کیلئے یہ علاقہ ’’ نو گو ایریا‘‘ بن گیا ہے۔ ماضی میں ایس ڈی او سب ڈویژن سٹی اصغر کالرو نے بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کرکے 9لاکھ یونٹس کی بجلی چوری پکڑی اور نامی گرامی افراد سمیت بجلی چوروں پر 2کروڑ روپے کے جرمانے عائد کئے اور تھانوں میں مقدمات بھی درج کرائے اور 90فیصد ریکوری بھی کی مگر اس کے بعد پھر وہی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔میپکو اہلکاروں کے مطابق اس کا حل یہ ہے کہ اندرون شہر کی گلیوں میں کنڈی سسٹم کے سد باب کیلئے میٹر گلیوں کے شروع اور آخر میں ایک ساتھ لگائے جائیں تاکہ درمیان میں میٹر نہ ہوں اور بجلی چور کنڈیاں نہ لگا سکیں ۔ اس کے علاوہ اندرون شہر بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کیلئے پولیس اور ایلیٹ فورس کے ساتھ آپریشن کیاجائے جو تسلسل کے ساتھ جاری رکھاجائے ۔اس بارے میں میپکو حکام کا کہنا ہے کہ بجلی چوروں کیخلاف بھرپور کارروائیاں کی جا رہی ہیں ۔ پکڑے جانیوالے بجلی چوروں کو جرمانے کئے جا رہے ہیں اور مقدمات درج کرائے جا رہے ہیں۔