ڈرامہ نگار حسینہ معین کا83واں یوم پیدائش گزشتہ روزمنایا گیا
لاہور(فلم رپورٹر) معروف ڈرامہ نگار حسینہ معین کا83واں یوم پیدائش گزشتہ روزمنایا گیا۔پاکستان کی معروف ڈرامہ نگار، مصنفہ حسینہ معین 20 نومبر1941ء کو بھارت کے شہر کانپور میں پیدا ہوئیں۔حسینہ معین نے پی ٹی وی کیلئے بہت سے یادگار ڈرامے لکھے جن میں شہزوری، زیر زبر پیش، انکل عرفی، ان کہی، تنہائیاں، دھوپ کنارے، دھند، آہٹ، کہر، پڑوسی، آنسو، بندش، آئینہ شامل ہیں۔حسینہ معین کی لکھی ہوئی پاکستانی فلموں میں ’یہاں سے وہاں تک‘ ’نزدیکیاں‘ اور’کہیں پیار نہ ہوجائے‘تھیں اور ان فلموں نے بھی باکس آفس پر خوب شہرت حاصل کی تھی۔ حسینہ معین نے متعدد ایوارڈز جیتے، 1987 میں انہیں پرفارمنگ آرٹس کی خدمت پر تمغہ حسنِ کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔حسینہ معین 26 مارچ 2021 ء کو 79 برس کی عمر میں دنیا ئے فانی سے کوچ کر گئیں۔