اداکار وحید مراد کی 41ویں برسی 23نومبر کو منائی جائے گی

  اداکار وحید مراد کی 41ویں برسی 23نومبر کو منائی جائے گی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(فلم رپورٹر) پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف اداکار وحید مراد کی 41ویں برسی 23نومبر کو منائی جائے گی۔دو اکتوبر 1938 کو کراچی میں پیدا ہونے والے وحید مراد کو”چاکلیٹی ہیرو“کے لقب سے بھی یاد کیا جاتا ہے۔وحید مراد نے ایس ایم آرٹس کالج سے گریجویشن کرنے کے بعد کراچی یونیورسٹی سے ایم اے انگلش کیا اور فلم اولاد سے فنی سفر کا آغاز کیا۔

جس میں انہوں نے سپورٹنگ اداکار کا رول کیا اوراس فلم کونگار ایوارڈملا۔ہیرا اور پتھروحید مراد کی پہلی فلم تھی جس میں انہوں نے بطور ہیرو کام کیا اور اس فلم کے لیے انہیں نگار ایوارڈبھی ملا۔1966میں وحید مراد نے پہلی دفعہ اپنی پروڈکشن کے بینر تلے بنی فلم ارمان میں کام کیا، اس فلم نے باکس آفس کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے۔برصغیر میں دلیپ کمار کے بعد وہ دوسرے اداکار تھے جو نوجوان نسل میں بے حد مقبول ہوئے۔انہوں نے 124فلموں میں کام کیا جن میں آٹھ پنجابی اور ایک پشتو فلم بھی شامل ہے۔انہیں ہیرا اور پتھر، ارمان، عندلیب اورمستانہ ماہی میں شاندار اداکاری پر نگار ایوارڈ جبکہ 2002 میں لائف ٹائم لیجنڈ ایوارڈ سے نوازا گیا۔1980میں وحید کا ایکسیڈنٹ ہوا جس سے ان کا چہرہ شدید زخمی ہوا اور پلاسٹک سرجری کرانی پڑی۔23 نومبر 1983 کی صبح فلم انڈسٹری کا بے تاج بادشاہ دنیا سے رخصت ہوگیا۔وحید مراد کی وفات کے 27سال بعد نومبر2010 میں انہیں ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔

مزید :

کلچر -