بلوچستان کے کئی علاقوں میں 5.1 شدت کا زلزلہ، چھتیں گرنے کی اطلاعات
ژوب (آئی این پی) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں زلزلہ، شدت ریکٹر سکیل پر 5.1 ریکارڈ کی گئی جس کے باعث مکانات کی چھتیں بھی گرنے کی اطلاعات آئیں۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے ضلع ڑوب اور موسیٰ خیل میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے جس کے باعث لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 5.1 ریکارڈ کی گئی جبکہ زمین میں اس کی گہرائی 36 کلومیٹر تھی۔ ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل کا کہنا تھا زلزلے کی شدت زیادہ ہونے کے باعث بعض علاقوں میں مکانات کی چھتیں گرنے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔