نہروں کا معاملہ: کے پی حکومت چشمہ رائٹ کینال منصوبے کیلئے متحرک ہوگئی

نہروں کا معاملہ: کے پی حکومت چشمہ رائٹ کینال منصوبے کیلئے متحرک ہوگئی
نہروں کا معاملہ: کے پی حکومت چشمہ رائٹ کینال منصوبے کیلئے متحرک ہوگئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن )سندھ اسمبلی میں دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے خلاف قرارداد کی منظوری کے معاملے پر خیبرپختونخوا حکومت چشمہ رائٹ بینک کینال منصوبے سے متعلق متحرک ہوگئی۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق محکمہ آبپاشی کے پی نے سفارشات منظوری کے لئے وزیراعلیٰ کے پی کوبھیج دیں جن میں وزیراعلیٰ سے صوبائی اسمبلی سے قرارداد پاس کرنےکی استدعا کی گئی ہے۔ 
سفارشات میں کہا گیا ہے کہ سندھ اسمبلی کی قرارداد سے چشمہ رائٹ بینک کینال کا منصوبہ حذف کرنےکا مطالبہ کیاجائے، سندھ اسمبلی سے پاس ہونے والی قرارداد کا معاملہ مشترکہ مفادات کونسل میں اٹھایا جائے، حکومت اگر کوئی اور کارروائی کرنا چاہتی ہے تو احکامات جاری کرے۔
اس حوالے سے دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ چشمہ رائٹ بینک کینال منصوبے میں خیبرپختونخوا کا پانی استعمال ہوگا، وفاقی حکومت نے 30 سال بعد چشمہ رائٹ بینک کینال منصوبے کی منظوری دی، منصوبے کے فنڈز پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام سے اداکئے جانے تھے تاہم وفاق نے ایسا نہیں کیا، منصوبے کی اہمیت کے پیش نظرحکومت لاگت کا35 فیصد صوبائی خزانے سے دینے پر آمادہ ہوئی۔
اس حوالے سے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مشیراطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹرمحمد علی سیف نے کہا کہ چشمہ رائٹ بینک کینال منصوبہ کے پی کا حق ہے اور منصوبے کو ہر صورت یقینی بنایا جائےگا۔
انہوں نے کہا کہ منصوبے سے کے پی کی لاکھوں ایکڑ بنجر زمین قابل کاشت ہوجائےگی، دیگر تین صوبوں نے 1991 کے معاہدے کے تحت نہریں بنالی ہیں، سی آر بی سی پر وفاقی حکومت کی وجہ سے ابھی تک کام شروع نہیں ہوسکا۔