" دعا ہےصحیح وقت پر پورے 5 سال کے لیے تگڑی حکومت بنے" جہانگیر ترین نے این اے 155 سےکاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے
لودھراں ( ڈیلی پاکستان آن لائن )سربراہ استحکامِ پاکستان پارٹی جہانگیر ترین نے لودھراں کے حلقے این اے 155 سےکاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ استحکامِ پاکستان پارٹی کا منشور بتانے لگوں تو 2 دن لگ جائیں گے۔ پاکستان میں بنیادی تبدیلی لانا چاہتے ہیں، غریب کو اپنی روزی کمانے کا پورا موقع ملنا چاہیے۔ دعا ہے کہ صحیح وقت پر پورے 5 سال کے لیے تگڑی حکومت بنے، خواہ مخلوط ہو۔
"جیو نیوز " کے مطابق سربراہ استحکامِ پاکستان پارٹی نے کہا کہ مسلم لیگ( ن) کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لیے کمیٹیاں اپنا کام کر رہی ہیں۔ مجھے ایک اور حلقے سے الیکشن لڑنے کی آفر تھی لیکن لودھراں کو ترجیح دی، لودھراں کے عوام کی محبت کے لیے الیکشن لڑ رہا ہوں۔ اگر جیت گیا تو لودھراں کے عوام کے لیے اڑھائی ارب کی بجائے 5 ارب لاؤں گا۔
واضح رہے کہ استحکامِ پاکستان پارٹی کے دیگر رہنما بھی آج اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروا رہے ہیں۔پارٹی ترجمان کے مطابق صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان این اے 119، این اے 117 اور پی پی 149 سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔ایڈیشنل سیکریٹری جنرل آئی پی پی عون چوہدری لاہور کی 2 قومی اور 1 صوبائی نشست پر قسمت آزمائیں گے۔ عون چوہدری حلقہ این اے 124، 127 اور پی پی 163 سے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائیں گے۔مرکزی سیکریٹری اطلاعات آئی پی پی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سیالکوٹ میں اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائیں گی۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان این اے 70 سے الیکشن میں حصہ لیں گی۔صدر آئی پی پی لاہور ڈویژن مراد راس لاہور میں پنجاب اسمبلی کی نشست کے لیے پی پی 161 سے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائیں گے۔شعیب صدیقی حلقہ پی پی 170 سے الیکشن لڑیں گے۔امین چوہدری پی پی 163 لاہور اور پی پی 105 فیصل آباد سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔میاں سلمان سلیم حلقہ پی پی 159 سے اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائیں گے۔فیاض بھٹی حلقہ پی پی 164سےکاغذاتٍ نامزدگی جمع کروائیں گے۔