ابوظہبی میں کوڑا اور سگریٹ پھینکنے پر جرمانوں میں اضافہ، خلاف ورزی پر 4 ہزار درہم تک جرمانہ ہوگا، تفصیلات سامنے آگئیں

ابوظہبی (ڈیلی پاکستان آن لائن) ابوظہبی کے محکمہ بلدیات اور ٹرانسپورٹ نے عوامی مقامات کی حفاظت کے ضوابط کے تحت کوڑا کرکٹ پھینکنے پر نظرثانی شدہ سزاؤں کا اعلان کر دیا ہے۔ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں حکام نے کوڑا کرکٹ پھینکنے کی مختلف خلاف ورزیوں اور ان پر عائد ہونے والے جرمانوں کی تفصیلات جاری کیں۔ نئی فہرست میں بار بار خلاف ورزی پر چار ہزار درہم (تقریباً 3 لاکھ 5 ہزار روپے) تک کا جرمانہ شامل ہے۔
خلیج ٹائمز کے مطابق 2024 میں متحدہ عرب امارات کے 53ویں قومی دن کے موقع پر ابوظہبی پولیس نے 670 ایسے افراد پر جرمانے عائد کیے جو سڑکوں پر کوڑا کرکٹ پھینکنے اور سپرے پینٹ کے ذریعے دیواروں اور سڑکوں پر لکھنے کے مرتکب ہوئے تھے۔ ان خلاف ورزیوں میں گاڑیوں کے ڈرائیور، مسافر اور پیدل چلنے والے شامل تھے۔
محکمہ بلدیات اور ٹرانسپورٹ کی جانب سے جاری کردہ نئے جرمانوں کی تفصیلات درج ذیل ہیں:
مخصوص کنٹینر کے علاوہ سگریٹ کے ٹکڑے پھینکنے پر:
پہلی خلاف ورزی: 500 درہم جرمانہ
دوسری خلاف ورزی: ایک ہزار درہم جرمانہ
تیسری خلاف ورزی: دو ہزار درہم جرمانہ
کھانے پینے سے پیدا ہونے والے ذاتی فضلے کو مخصوص کنٹینر کے علاوہ کہیں اور پھینکنے پر:
پہلی خلاف ورزی: 500 درہم جرمانہ
دوسری خلاف ورزی: ایک ہزار درہم جرمانہ
تیسری خلاف ورزی: دو ہزار درہم جرمانہ
کوڑا کرکٹ، فضلہ یا اس سے ملتے جلتے مواد کو غیر مخصوص جگہ پر پھینکنے، رکھنے یا چھوڑنے پر:
پہلی خلاف ورزی: ایک ہزار درہم جرمانہ
دوسری خلاف ورزی: دو ہزار درہم جرمانہ
تیسری خلاف ورزی: چار ہزار درہم جرمانہ