پیڈمک اور سولر کمپنیوں کے مابین باہمی تعاون کا معاہدہ
لاہور(پ ر)پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی، سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں صنعتکاروں کو سولر پلانٹس کی فراہمی کے لئے سہولت کار کا کردار ادا کرے گی،، پیڈمک اور سولر کمپنیوں کے مابین معاہدہ طے پا گیا۔پیڈمک ہیڈ آفس سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں سولر کمپنیوں کے ساتھ معاہدے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پیڈمک کی جانب سے سی ای او کیپٹن ریٹائرڈ شعیب علی جبکہ کیل پاور سلوشنز پرائیوٹ لمیٹڈ کی جانب سے محمد اشرف اور ہائزل پروڈینسوجوائینٹ وینچر کی جانب سے ساجد رفیق نے معاہدوں پر دستخط کئے۔ اس موقع پر چیئرمین پیڈمک جاوید اقبال اور سی او او علی معظم سید سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ معاہدے کے تحت پیڈمک، سندر انڈسٹریل اسٹیٹ کے صنعتکاروں کو آسان شرائط پر سولر پلانٹس کی فراہمی کے لئے سہولت کار کے طور پر کام کرے گی۔ صنعتکاروں اورسولر کمپنیوں کے مابین روابط کو استوار کرنے میں مدد کی جائے گی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیڈمک جاوید اقبال نے کہا ہے کہ گزشتہ کچھ برسوں سے بجلی کی قیمت میں بے پناہ اضافے نے پیداواری لاگت کو بڑھا دیا ہے۔ صنعتکاروں کی اس مشکل کا ازالہ کرنے کے لئے سولر پلانٹس کی فراہمی کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔ جس کے ذریعے صنعتکاروں کو آسان شرائط اور کم اقساط پر سولر پلانٹس فراہم کئے جائیں گے۔