گردوں کے مریضوں میں ایڈز وائرس کی منتقلی
نشتر ہسپتال کے نیو ڈائیلسز یونٹ میں ڈاکٹروں اور ٹیکنیشنوں کی مبینہ غفلت کے باعث گردوں کے مریضوں کے ایڈز سے متاثر ہونے کی ابتدائی تحقیقات میں 25 سے زائد مریضوں میں ایڈز کا وائرس منتقل ہونے کی تصدیق ہوئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیو ڈائیلسز یونٹ میں گردوں کی صفائی کے لئے آنے والے رجسٹرڈ مریضوں میں سے 220 کے ٹیسٹ کرائے گئے جن میں سے دو درجن سے زائد ایچ آئی وی پازیٹو پائے گئے، پنجاب ہیلتھ کمیشن کی ایک ٹیم نشتر ہسپتال آئی تھی تاہم ابھی تک ایسی مجرمانہ غفلت کے ذمہ داران کا تعین نہیں ہوسکا۔ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے اگرچہ ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے تاہم ضرورت اِس اَمر کی ہے کہ اِس واقعے کی شفاف تحقیقات کے ذریعے غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ نیو ڈائیلسز یونٹ میں ڈاکٹروں اور نرسوں سمیت سٹاف کی کمی کو دور کرنے کے علاوہ ایڈز کے مریضوں کے لئے الگ مشینیں مختص کی جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔
٭٭٭٭٭