نیپرا کی ری سٹرکچرنگ پر کام کر رہے ہیں،سستی بجلی فراہم کرنا بنیادی مقصد ہے، خرم دستگیر
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن )وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ نیپرا کی ری سٹرکچرنگ پر کام کر رہے ہیں، کے الیکٹرک میں بھی آپ کو بہتری نظر آئے گی ، ان سے بھی دو دو ہاتھ کریں گے ،کےالیکٹرک اور حکومت کے درمیان قانونی تعطل ہے ۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جولائی کے بلوں پر پورے ملک میں احتجاج ہوا ہے ، جون کا فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ جولائی کے بلوں میں لگ کر آیا، آج جو بجلی بنا رہے ہیں وہ فرنس آئل پر بنا رہے ہیں ،بجلی کی طلب بڑھتی ہے تو فرنس آئل اور ڈیز ل کا استعمال بڑھانا پڑتا ہے ،فرنس آئل کے استعمال پر بجلی صارفین پر اضافی بوجھ پڑتا ہے ۔
خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ حیدر آباد میں سیلابی صورتحال کا سامنا ہے ،بارش کے دوران حیسکو کے فیڈر ٹرپ کر جاتے ہیں ،فیڈرز ٹرپ کرنے کے مسئلے کو فوری حل کرنے کی ہدایت دی ہے ، وفاقی وزیر نے بتایا کہ 2018 سے 2022 تک بجلی کے نئے کارخانے نہیں لگائے گئے تھے اس لیے آج یہ مسائل درپیش ہیں،بجلی کے نئے کارخانے پاکستان میں دستیاب سورسز پر ہی لگائے جائیں گے ۔