گونگی بہری لڑکی سے زیادتی ،پولیس اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نارووال کا بیان بھی آ گیا
لاہور +نارووال ( ڈیلی پاکستان آن لائن )نارووال کے علاقے محلہ صدیق پورہ میں گونگی اور بہری 14 سالہ لڑکی کے ساتھ 3 اوباشوں کی مبینہ زیادتی کا دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا۔پولیس حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع 15 پر موصول ہوئی، جس کے بعد فوری طور پر ایف آئی آر درج کی گئی اور مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ تمام قانونی تقاضے، بشمول میڈیکل اور ڈی این اے ٹیسٹ، جلد مکمل کیے جائیں گے تاکہ ٹھوس شواہد کے ساتھ کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نارووال نے کہا کہ خواتین پر تشدد اور ریپ میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور متاثرہ خاندان کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا۔ متاثرہ لڑکی کے والد نے پنجاب حکومت اور وومن پروٹیکشن اتھارٹی کی فوری کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب وہ مطمئن ہے کہ اسکی بیٹی کو انصاف مل جائے گا۔