کابینہ کمیٹی کا بہاولپور میں اہم اجلاس، امن کمیٹی اور علمائے کرام سے ملاقات، 151 افراد  فورتھ شیڈول میں شامل 

کابینہ کمیٹی کا بہاولپور میں اہم اجلاس، امن کمیٹی اور علمائے کرام سے ملاقات، ...
کابینہ کمیٹی کا بہاولپور میں اہم اجلاس، امن کمیٹی اور علمائے کرام سے ملاقات، 151 افراد  فورتھ شیڈول میں شامل 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )محرم الحرام میں بہترین سیکیورٹی انتظامات سے قیام امن کا مشن لیے کابینہ کمیٹی برائے امن و امان بہاولپور پہنچی جہاں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔ صوبائی وزیر صحت و چیئرین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کی صدارت کی۔ صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی، سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، ایڈیشنل آئی جی پنجاب چوہدری سلطان، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ راؤ عبدالکریم، ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب محمد کامران خان اور ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عثمان گوندل نے اجلاس میں شرکت کی۔

کمشنر بہاولپور مسرت جبیں اور آر پی او رائے بابر نے انتظامات  کےبارے میں  بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بہاولپور ڈویژن میں تمام 1409 مجالس اور 514 جلوس کے انتظامات مکمل ہیں جبکہ 354 علماء و ذاکرین کی ضلع بندی اور 98 کی زباں بندی کے احکامات جاری کیے جا چکے ہیں۔ امن وامان کو برقرار رکھنے کیلئے بہاولپور میں 151 افراد کو فورتھ شیڈول میں شامل کیا گیا ہے۔ عاشورہ پر پولیس کی امداد کیلئے آرمی کی 4 اور رینجرز کی 10 کمپنیاں بھی ڈیوٹی پر تعینات ہونگی۔

 اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کو پرامن بنانے کیلئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ پنجاب بھر میں سیکیورٹی و دیگر انتظامات پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔ انتظامیہ عاشورہ کے بعد بھی امن و امان کے قیام پر یہی توجہ مرکوز رکھے۔

صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر انتظامیہ پنجاب بھر میں سبیلیں لگا رہی ہے۔

 سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ فرقہ وارانہ اشتعال کو روکنے کیلئے ڈیجیٹل سرویلنس کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ محکمہ داخلہ کے جاری کردہ ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد یقینی بنائیں۔ تمام متعلقہ اضلاع سے ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے اجلاس میں شرکت کی۔ بعد ازاں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے بہاولپور میں ڈویژنل امن کمیٹی اور علمائے کرام سے ملاقات کی اور انکے ہمراہ مرکزی جلوس روٹ کا دورہ بھی کیا۔

 ڈویژنل امن کمیٹی ممبران اور علمائے کرام نے بتایا کہ بہاولپور میں فضا ءمکمل طور پر پُرامن ہے۔ انتظامیہ اور پولیس باہمی کوآرڈینیشن سے تمام انتظامات کو مکمل کر چکی ہے اور تمام مکاتب فکر محرم الحرام کو عقیدت و احترام سے منانے کیلئے یکجان ہیں۔ کابینہ کمیٹی نے علماء کے ہمراہ بہاولپور کے مرکزی جلوس روٹ کا دورہ کیا۔ کابینہ کمیٹی نے مرکزی ”امام بارگاہ جامعہ حسینیہ“ میں قائم کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا۔ بہاولپور کا مرکزی جلوس جامعہ حسینیہ سے شروع ہو کر احاطہ کربلا پر اختتام پذیر ہوگا۔

 خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھر میں جاکر کابینہ کمیٹی ممبرز نے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اتحاد بین المسلمین ہی ہمارے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔ سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ جلوس کے شرکاء کیلئے سکیورٹی کیساتھ سبیل اور میڈیکل کئیر کا مکمل انتظام ہے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم سے تمام جلوس اور مجالس کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔

 کابینہ کمیٹی نے روٹ پر تعینات پولیس، سول ڈیفنس اور ریسکیو 1122 کے اہلکاروں سے بھی ملاقات کی۔ کمشنر بہاولپور مسرت جبیں، آر پی او رائے بابر، ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او بہاولپور بھی کابینہ کمیٹی کے ہمراہ تھے۔