6 بار ایسویسی ایشنز کے صدور و جنرل سیکرٹریز کی وزیر قانون پنجاب اور خالد رانجھا سے ملاقات
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )پنجاب حکومت کا صوبہ بھر کی بار ایسویسی ایشنز کے وکلاء کے مسائل کو حل کرنے کا مشن تیزی سے جاری۔ اسی حوالے سے صوبائی وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ کی دعوت پر 6 بار ایسویسی ایشنز کے صدور و جنرل سیکرٹریز نے وزیر قانون پنجاب ملک صہیب احمد بھرتھ اور پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون خالد رانجھا سے ملاقات کی۔ ملتان سے صدر عمران خاکوانی، نارووال سے صدر محمد ابراہیم، منڈی بہاوالدین سے ماریض رانا، فیصل آباد سے صدر میاں انوارلحق، گوجرانوالہ سے صدر عامر منیر اور سرگودھا سے محسن شاہ ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔
ملاقات میں بار ایسویسی ایشنز کے جنرل سیکرٹریز، سیکرٹری قانون پنجاب بلال احمد لودھی نے بھی شرکت کی۔بارز کے صدور وجنرل سیکرٹری کا اس موقع پر کہنا تھا کہ حکومت کو جمہوری انداز میں 26 ویں آئینی ترمیم پاس کروانے پر مبارک باد پیش کرتے ہیں۔آئینی ترمیم سے کسی کو مسئلہ ہے تو وہ دوتہائی اکثریت اسمبلی میں لے آئے۔جمہوری انداز میں 26 ویں آئینی ترمیم کو پاس کروانا ایک مکمل جمہوری عمل ہے۔ 26 ویں آئینی ترمیم کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
صدور و جنرل سیکرٹری نے اس موقع پر چیمبر کی تعمیر کی جگہ، پارکنگ، ینگ لائرز کے لئے پروگرام، جوڈیشل کمپلیکس کی ری ویمپنگ، فیصل اباد، سرگودھا و دیگر ڈویژن میں ہائی کورٹ کے بینچ کے مسائل کا فوری حل کا بھی مطالبہ کیا۔
ملاقات میں نارووال اور منڈی بہاولدین بارز کو پنجاب حکومت کی جانب سے پچاس پچاس لاکھ،گوجرانوالہ، سرگودھا بار کو ایک،ایک کروڑ کے چیک دیئے گئے اور ملتان اور فیصل آباد بار کو ایک، ایک کروڑ کے چیک دیئے گئے۔