پیر وارث شاہ کے عرس کا افتتاح

پیر وارث شاہ کے عرس کا افتتاح

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

  لاہور(خبر نگار)سیکرٹری /چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے حضرت پیر سیّدوارث شاہ ؒ کے 227 ویں سالانہ عرس مبارک کا افتتاح رسم چادر پوشی سے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حضرت پیر سیّد وارث شاہؒپرْ امن بقائے باہمی کے امین تھے۔رواداری کے فروغ کے لئے حضرت پیر سیّد وارث شاہ ؒ کی شعری کاوشوں سے استفادہ کرنا چاہیے۔

 پیر سیّد وارث  شاہ ؒ  انیسویں صدی کے ممتاز صوفی بزرگ ہیں،پنجابی زبان کی تدوین و ترویج میں آپ نے نمایاں کردار ادا کیا۔آپؒ کا کلام نہ صرف پاکستان بلکہ جنوبی ایشیا ء_  اور بالخصوص سکھ کمیونٹی میں بہت مقبول ہے۔ انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے صوفیاء کی تعلیمات کا ابلاغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔خانقاہیں صوفی ثقافت کا مرکز اور مسلم تہذیب کی امین تھیں۔انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں مزارات کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ مزارات پر زائرین کے لئے بہترین سہولیات کی فراہمی حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔سالانہ عرس کی افتتاحی تقریب میں زونل ایڈ منسٹریٹر اوقاف لاہور(ایسٹ) ایاز محمود لاشاری، منیجر اوقاف سرکل شیخوپورہ غلا م عباس عباسی اور ضلعی خطیب اوقاف شیخوپورہ مولانا اعجاز سلیم سمیت مشائخ، سجاد گان اورعقیدت مندوں کی کثیر تعدادنے شرکت کی۔ سیکرٹری اوقاف نے مزید کہا کہ حضرت پیر سیّد وارث شاہ ؒنے معاشرے میں مذاکرے اور مکالمے کو رائج کیا، زیر دستوں اور معاشرے کے پِسے ہوئے طبقات کے مسائل اور مصائب کو اْجاگر کیا اور ان کے زخموں پر مرہم رکھا۔واضح رہے کہ قبل ازیں دربار شریف کا کنٹرول وارث شاہؒ میموریل سوسائٹی کے ذمہ تھا،امسال صوبائی حکومت کے فیصلے کی روشنی میں دربار حضرت پیر سیّد وارث شاہ ؒکی اہمیت، مذہبی سیاحت کے فروغ،مزارات کی تزئین وآرائش، تعمیراتی ورثہ کی بحالی اور مالی و انتظامی سمیت دیگر امور کو موثر بنانے کے لئے محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کی تحویل میں دیا گیا ہے۔مزید یہ کہ محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کی طرف سے سالانہ عرس پر لنگر و سیکیورٹی اور صفائی کے حوالے سے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ عرس کی تقریبات تین روز تک جاری رہیں گی۔