مظفر گڑھ میں پسند کی شادی کرنے والا شخص مبینہ پولیس تشدد سے جاں بحق، پولیس اہلکاروں سمیت 7افراد پر مقدمہ درج

مظفر گڑھ(آئی این پی )مظفرگڑھ میں پسند کی شادی کرنے والا شخص مبینہ پولیس تشدد سے جاں بحق ہوگیا، واقعے میں ملوث ایک اے ایس آئی اور 4 پولیس کانسٹیبلز سمیت 7 افراد کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ۔
پولیس ترجمان کے مطابق متوفی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے پر موت کی وجہ کا علم ہوسکے گا۔مظفرگڑھ کے علاقے خانگڑھ کے رہائشی محبوب احمد نے 4 ماہ قبل ثمینہ بی بی سے پسند کی شادی کی تھی، محبوب احمد کے لواحقین نے الزام عائد کیا ہے کہ گزشتہ رات پولیس تشدد سے محبوب دم توڑ گیا۔واقعے کا مقدمہ مرنے والے شخص کے بیٹے وقاص کی مدعیت میں تھانہ خانگڑھ پولیس کے ایک اے ایس آئی شاہنواز بھٹہ اور 4 کانسٹیبلز سمیت 7 افراد کیخلاف قتل اور دیگر دفعات کے تحت تھانہ خانگڑھ میں درج کرلیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق اے ایس آئی اور پولیس کانسٹیبلز سمیت ملزمان نے محبوب احمد کو سیڑھیوں پر گھسیٹا اور لاتوں، مکوں اور گھونسوں کے ذریعے اسے تشدد کا نشانہ بنایا جس کے باعث اس کی موت ہوئی،پولیس ترجمان کی مطابق ہائیکورٹ کے حکم پر پولیس ٹیم ثمینہ بی بی کی برآمدگی کے لئے صرف نوٹس دینے گئی تھی۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈی پی او سید غضنفر علی شاہ نے معاملے کا نوٹس لیا ہے، ایس پی انوسٹی گیشن مظفرگڑھ معاملے کی تحقیقات کرکے رپورٹ ڈی پی او مظفرگڑھ کو پیش کریں گے جبکہ متوفی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں موت کی وجوہات کا علم ہوسکے گا۔