پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ روڈز کی تعمیر ومرمت کا کام شروع،ٹیمیں متحرک ،بھاری مشینری پہنچا دی گئی

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ روڈز کی تعمیر ومرمت کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔
سینئر منسٹر مریم اورنگزیب کی زیرنگرانی محکمہ تعمیرات ومواصلات کی ٹیمیں سیلاب زدہ علاقوں میں متحرک کر دی گئیں اور ہنگامی طور پر تعمیر ومرمت کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔
لیاقت پور کے علاقے خانگڑھ کے ڈوما روڈ پر سیلابی پانی سے پڑنے والے شگاف کی تعمیرومرمت مکمل کر لی گئی۔احمدپور شرقیہ میں ہیڈ پنجند کے نزدیک نظروں والی ہٹی تا مکھن بیلاسیلاب سے ٹوٹنے والی سڑک کی تعمیر جاری ہے۔ علی پور کے علاقے میں سیت پور میں سڑک پر پڑنے والاشگاف پر کرنے کیلئے کام جاری ہے۔ احمد پور کے علاقے چنی گوٹھ روڈکی تعمیر ومرمت کا کام بھی جاری ہے۔ علی پور کے علاقے بستی عظیم شاہ اورکل کنوال روڈ کی تعمیر و مرمت بھی ہوگی۔
احمد پور شرقیہ میں شندر بھان تا باریوالی سڑک کی تعمیرمکمل کر لی گئی۔ علی پورکے علاقے شاہی والا روڈ نزد سلطان پور کی سڑک پر تیزی سے کام جاری ہے۔ سلطان پور تا سیت پور سڑک کی تعمیر کے لئے بھاری مشینری پہنچ گئی اور کام شروع کر دیا گیا۔ تحصیل علی پور کے علاقے بستی دیسی نزد سلطان پور سڑک کی ہنگامی تعمیر ومرمت جاری ہے۔ خانگڑھ تاڈوما سرکی سیلاب سے متاثرہ سڑک کی تعمیرومرمت کیلئے کام بھی جاری ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے متاثرہ سڑکوں کی تعمیر ومرمت کو جلدا زجلد مکمل کرکے بحال کرنے کا حکم دیا ہے۔