پی سی بی نے پاکستان ،نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان سہ ملکی سیریز کے شیڈول کا اعلان کر دیا 

پی سی بی نے پاکستان ،نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان سہ ملکی سیریز کے ...
پی سی بی نے پاکستان ،نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان سہ ملکی سیریز کے شیڈول کا اعلان کر دیا 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سہ ملکی سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔

بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اسٹیڈیمز کی اَپ گریڈیشن کے بعد قذافی اسٹیڈیم اور نیشنل بینک اسٹیڈیم پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان سہ ملکی سیریز کے میچز کی میزبانی کریں گے۔

یہ سیریز سنگل لیگ کی بنیاد پر 8 سے 14 فروری تک کھیلی جائے گی جس کے ابتدائی 2 میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم جبکہ آخری لیگ میچ اور فائنل کراچی میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا آغاز ہفتہ 8 فروری کو قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا۔ پہلی گیند دوپہر 2 بجے کروائی جائے گی، پیر 10 فروری کونیوزی لینڈ کا مقابلہ جنوبی افریقا سے ہوگا، اس ڈے میچ کا آغاز صبح ساڑھے 9 بجے ہوگا۔

ان دو میچوں کے بعد ایکشن کراچی منتقل ہو جائے گا جہاں پاکستان 12 فروری کو نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ڈے نائٹ میچ میں جنوبی افریقا سے مقابلہ کرے گا جو مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے شروع ہوگا۔ سہ ملکی سیریز کا فائنل جمعہ 14 فروری  کو کھیلا جائے گا جو دوپہر 2 بجے شروع ہوگا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ دونوں ٹیمیں جمعرات 6 فروری کو قذافی اسٹیڈیم میں لائٹس میں ٹریننگ کریں گی جبکہ جنوبی افریقا کی تاریخی گراؤنڈ پر پہلی ٹریننگ 9 فروری اتوار کی صبح ہوگی۔

خیال رہے کہ اسٹیڈیمز کی اَپ گریڈیشن کے بعد تماشائیوں کی گنجائش بڑھادی گئی ہے، پورے اسٹیڈیم میں نئی کرسیاں لگائی گئی ہیں جبکہ نشریاتی معیار کو بڑھانے کیلئے 480 جدید ترین ایل ای ڈی لائٹس نصب کی گئی ہیں، جو دنیا بھر کے شائقین کے لیے دیکھنے کے بہترین تجربے کو یقینی بنائیں گی۔ 

مزید :

کھیل -