پنجاب میں خدمت کی سیاست ہو رہی، ترقی دیکھ کر سیاسی مخالفین خوفزدہ ہیں: عظمیٰ بخاری

پنجاب میں خدمت کی سیاست ہو رہی، ترقی دیکھ کر سیاسی مخالفین خوفزدہ ہیں: عظمیٰ ...
پنجاب میں خدمت کی سیاست ہو رہی، ترقی دیکھ کر سیاسی مخالفین خوفزدہ ہیں: عظمیٰ بخاری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں خدمت کی سیاست ہو رہی ہے، صوبے میں ترقی دیکھ کر سیاسی مخالفین خوفزدہ ہیں۔ایک طرف خدمت کی اور دوسری طرف انتشار کی سیاست ہو رہی ہے۔ بانی پی ٹی آئی کو 190 ملین پاؤنڈ کی کرپشن پر سزا ہوئی،ان کے مقبول ہونے کے دعوے عوام نے رد کر دیئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز پنجاب میں انقلابی اقدامات کر رہی ہیں، دوسرے صوبوں کے لوگ بھی مریم نواز کے کاموں کے معترف ہیں، پنجاب میں عملی اقدامات ہو رہے ہیں۔ فتنہ فساد گروپ نے بچوں کی برین واشنگ کی، فتنہ پارٹی نے کسان کارڈ کو اپنی سیاست کیلئے استعمال کیا ہے، مریم نواز صرف منصوبوں کا افتتاح نہیں کرتیں بلکہ عمل بھی کرتی ہیں، اتنے منصوبے پاکستان کی تاریخ میں کسی نے شروع نہیں کیے۔

 وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب کے کسانوں کیلئے زراعت دوست پالیسیوں کا اجراء کیا ہے، کسان کارڈ سے پنجاب کے کاشتکاروں نے 50 فیصد یوریا استعمال کی اور 150 ارب روپے سے زائد زرعی مصنوعات خریدیں، پنجاب میں گندم کی بوائی کی سیٹلائٹ کے ذریعے نگرانی کی جائے گی۔ رمضان نگہبان پیکیج کیلئے رجسٹریشن کا عمل شروع ہوچکا ہے، تمام مستحق خاندانوں کو رمضان نگہبان پیکیج کے تحت ریلیف فراہم کیا جائے گا، مریم نواز عوام کی فلاح و بہبود کیلئے پوری محنت اور لگن سے کام کر رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ہونہار سکالر شپ کے بعد طلباء وطالبات کو ایک لاکھ سکوٹیز مہیا کی جائیں گی، مریم نواز بہت جلد طلبہ کو میرٹ پر جدید لیپ ٹاپس بھی دیں گی۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو 190 ملین پاؤنڈ کی کرپشن پر سزا ہوئی، عمران خان کے مقبول ہونے کے دعوے عوام نے رد کر دیئے، عوام پی ٹی آئی والوں کے مکروہ چہرے پہچان چکے ہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو اپنے صوبے کے عوام کا کچھ خیال نہیں ہے۔