"دھی رانی پروگرام" کے تحت ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 29 جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی شاندار تقریب, تمام اخراجات حکومت پنجاب نے برداشت کیے
ٹوبہ ٹیک سنگھ ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے "دھی رانی پروگرام" کے تحت ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 29 جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی شاندار تقریب منعقد ہوئی۔ یہ تقریب شہر کی سب سے بڑی نجی مارکی میں منعقد ہوئی، جس میں صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ایم این اے چوہدری جنید انوار، ایم پی اے چوہدری امجد علی جاوید، سیکرٹری سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب جاوید اختر محمود، ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر سکندر ذیشان، کمشنر فیصل آباد مریم خان، ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو، ڈی پی او عبادت نثار اور مختلف محکموں کے افسران سمیت مسلم لیگ (ن) کے رہنما بھی موجود تھے۔
تقریب میں شریک 29 جوڑوں میں 5 مسیحی جوڑے بھی شامل تھے۔ صوبائی وزیر نے وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر تمام جوڑوں کو 1 لاکھ روپے سلامی اور ضروری گھریلو سامان بطور تحفہ پیش کیا، جن میں ڈبل بیڈ، میٹرس، کھانے پکانے کا سامان، ڈنر سیٹ، پنکھا اور دیگر اشیاء شامل تھیں۔ شادی کے تمام اخراجات حکومت پنجاب نے برداشت کیے، جبکہ تقریب میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی فراہم کی گئی۔صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نہ صرف پنجاب کی بیٹیوں کے لیے شفیق ماں کا کردار ادا کر رہی ہیں بلکہ فلاحی ریاست کی بنیاد رکھنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہیں۔
ایم این اے جنید انوار نے کہا کہ دھی رانی پروگرام وزیر اعلیٰ کے خواتین کی بہبود اور ان کے بہتر مستقبل کے عزم کا عملی نمونہ ہے۔ عوام نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے وزیر اعلیٰ کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اجتماعی شادیوں کے اس پروگرام نے غریب خاندانوں پر مالی بوجھ کم کرنے میں مدد دی ہے۔