سلمان خان پہلی بار لارنس بشنوئی گینگ کے بارے میں کھل کر بول پڑے
ممبئی (ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے پولیس کو بتایا ہے کہ ان کا ماننا ہے کہ لارنس بشنوئی گینگ نے رواں سال اپریل میں ممبئی میں ان کی رہائش گاہ پر فائرنگ کی تھی جس کا مقصد انہیں اور ان کے اہل خانہ کو قتل کرنا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار کا بیان ممبئی پولیس کی جانب سے اس واقعہ کے سلسلے میں عدالت میں دائر چارج شیٹ کا حصہ ہے۔سلمان خان نے پولیس کو بتایا کہ انہوں نے 14 اپریل کی صبح گلیکسی اپارٹمنٹس میں اپنی رہائش گاہ پر سوتے ہوئے پٹاخوں جیسی آواز سنی۔
اداکار کے مطابق انہیں پولیس باڈی گارڈ نے صبح تقریباً 4.55 بجے بتایا کہ موٹر سائیکل پر سوار دو افراد نے پہلی منزل کی بالکونی پر فائرنگ کی ہے۔"ایکسپریس نیوز" کے مطابق سلمان خان نے کہا کہ اس سے پہلے بھی انہیں اور ان کے اہل خانہ پر حملہ کرنے کی کوشش کی گئی تھی اور ان کے باڈی گارڈ نے باندرہ پولیس اسٹیشن میں فائرنگ کے بارے میں شکایت درج کرائی تھی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اداکار کو بعد میں پتہ چلا کہ گینگسٹر لارنس بشنوئی اور اس کے بھائی انمول بشنوئی نے ایک فیس بک پوسٹ میں حملے کا اعتراف کیا ہے اور حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔