فاطمہ میموریل ،گلاب دیوی ہسپتال کے اشتراک سے عالمی دن برائے تپ دق کا انعقاد
لاہور( جنرل رپورٹر)کمیونٹی ہیلتھ سائنسز ڈیپارٹمنٹ،فاطمہ میموریل ہسپتال کالج آف میڈیسن اینڈ ڈینٹسٹری اور گلاب دیوی چیسٹ ہسپتال کے اشتراک سے عالمی دن برائے تپ دق (ٹی بی )کا انعقاد کیا گیا۔باہمی اشتراک کی اس تقریب میں آگاہی واک، مقابلہ برائے پوسٹر اور اس دن کے حوالہ سے سیمپوزیم کا انعقاد شامل تھا۔ایف ایم ایچ کالج آف میڈیسن اینڈ ڈینٹسٹری کے اساتذہ اور طلبا و طالبات کی کثیر تعداد نے آگاہی واک میں حصہ لیا اور گلاب دیوی چیسٹ ہسپتال میں موجود ٹی بی کے مختلف مریضوں سے ملاقات کی۔دن کا اختتام مختلف لیکچر وں اورتقسیم انعامات برائے مقابلہ پوسٹر پرمشتمل سمپوزیم پر ہوا۔ عالمی ادارہ برائے صحت نے گورنمنٹ ، سول سوسائٹی اور پرائیویٹ سیکٹر کو ٹی بی کے خاتمہ کیلئے متحدہونے کا پیغام دیاہے۔
عالمی ادارہ برائے صحت اور اس کے شراکت دارٹی بی کے خاتمہ کیلئے انفرادی اور اجتماعی طور پرمکالمہ اور اشتراک کو فروغ دے رہے ہیں۔متاثرین ٹی بی میں عالمی طور پر پاکستان پانچویں نمبر پر ہے جس میں ٹی بی کے مریضوں کی تعداد تقریباً چار لاکھ بیس ہزارسالانہ ہے۔عالمی دن برائے ٹی بی کا انعقاد پروفیسر ارم منظور ،(ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ)، ڈاکٹر اسلم باجوہ، ڈاکٹر نورین عمر، کمیونٹی ہیلتھ سائنسز ڈیپارٹمنٹ،ایف ایم ایچ کالج آف میدیسن اینڈ ڈینٹسٹری اور ڈاکٹر حامد حسن( میڈیکل سپرنٹنڈنٹ) اور ڈاکٹر محمد عقیل الرحمٰن، گلاب دیوی چیسٹ ہسپتال نے کیا۔ ایف ایم ایچ کالج آف میڈیسن اینڈ ڈینٹسٹری جوکہ 2000صدی کے آغاز میں شروع ہوا، فاطمہ میموریل سسٹم کا ایک اہم جزو ہے۔کالج تعلیم و تربیت اور نوجوانوں کو طب اور مواصلات کے فن میں مہارت پر یقین رکھتا ہے۔