آئین، عدلیہ کی بحالی کیلئے ملک گیر تحریک چلانا ہو گی، حامد خان
ملتان(آئی این پی) سینئر وکیل اور سینیٹر حامد خان نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم کے ذریعے سپریم کورٹ کو دفنا دیا گیا ہے، عدلیہ بحالی کی ملک گیر تحریک چلانا ہو گی۔ سپریم کورٹ بار کی انتخابی مہم کے دوران ملتان میں پروفیشنل لائرز اینڈ گرینڈ الائنس کی جانب سے منعقدہ عشائیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حامد خان نے کہا کہ 26ویں ترمیم کے ذریعے سپریم کورٹ کو دفنا دیا گیا ہے۔ وکلا ء قوم کے سپاہی ہیں، آئین و عدلیہ کی بحالی کیلئے ملک گیر تحریک چلانا ہو گی۔مارشل لاء میں عدلیہ پر نہیں، ججز پر حملہ ہوتا تھا۔ موجودہ جمہوری دور میں پوری عدلیہ ہی پر حملہ کر دیا گیا20اور 21اکتوبر کی درمیانی شب آزاد عدلیہ پر ڈاکا ڈالا گیا ہے آج 25 اکتوبر کو یوم نجات منائینگے۔ قاضی فائز عیسیٰ جائینگے تو وہ پورے ملک میں یوم نجات ہی ہو گا۔ہماری تحریک کو عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہو گی۔ عدالت کے متوازی عدالت وکلاء نے نہیں بننے دینا ہائیکورٹ کی سطح پر آئینی بیچز دراصل عدالتی تباہی کا پیغام لیکر آئینگے۔ ہمیں مضبوط سپریم کورٹ بار کی ضرورت ہے۔ ماضی میں بھی عدلیہ بحالی تحریک کیلئے سپریم کورٹ بار نے فعال کردار ادا کیا تھا 29اکتوبر کا سپریم کورٹ بار کا الیکشن ہمیں پوری قوت سے لڑنا ہو گا ورنہ فارم 47 کی طرح یہاں بھی نتائج بدل دیے جائیں گے۔
حامد خان