راولپنڈی ٹیسٹ، دوسرے دن کا کھیل کے اختتام پر انگلینڈ کے 3 کھلاڑی 20سکور پر آؤٹ ہوگئے
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن)راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام تک دوسری اننگز میں انگلینڈ کے 24 رنز پر 3 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے، پاکستان کی برتری تاحال 57 رنز ہے۔
انگلش ٹیم کی پہلی وکٹ 15 رنز پر گری، بین ڈکٹ کو 12 رنز پر ساجد خان نے آؤٹ کیا، اسی سکور پر دوسری وکٹ بھی 15 گری جبکہ تیسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر اولی پوپ تھے جو ایک رنز بناکر نعمان علی کا شکار بن گئے۔
پاکستان کی طرف سے نعمان علی نے 2 جبکہ ساجد خان نے 1 وکٹ اپنے نام کی ہے۔اس سے قبل پاکستان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 344 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، یوں پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف 77 رنزکی برتری حاصل کرلی۔نائب کپتان سعود شکیل نے 134 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ساجد خان 48 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔آج کھیل کا آغاز کپتان شان مسعود اور سعود شکیل نے کیا تاہم کچھ دیر بعد پاکستان کی چوتھی وکٹ 99 رنز پر گر گئی جب شان مسعود 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔پاکستان کی پانچویں وکٹ 151 رنز پر گری جب محمد رضوان 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان ٹیم کی وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری تھا تاہم ایک اینڈ سے سعود شکیل نے عمدہ انداز میں مزاحمت جاری رکھی اور ایک اینڈ پر جمے رہے، انہوں نے اس دوران اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی۔قومی ٹیم کی چھٹی وکٹ 155 اور ساتویں وکٹ 177 رنز پر گری، پہلے سلمان آغا 1 اور پھر عامر جمال 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔بعدازاں دوسرے سیشن میں بھی سعود شکیل کی عمدہ بیٹنگ جاری رہی اور انہوں نے اپنی سنچری مکمل کی۔سعود شکیل نے 181 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے سنچری بنائی جو کہ ان کے ٹیسٹ کیریئر کی چوتھی سنچری ہے۔پاکستان کی آٹھویں وکٹ 265 رنز پر گری جب نعمان علی 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
گزشتہ روز پاکستان ٹیم نے 3 وکٹوں پر 73 رنز بنالیے تھے جبکہ پاکستان کی جانب سے تمام 10 وکٹیں سپنرز نے لی تھیں۔ ساجد خان نے انگلینڈ کے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ نعمان علی نے 3 اور زاہد محمود نے ایک وکٹ لی تھی۔انگلش بیٹر جیمی اسمتھ نے 89، بین ڈکٹ 52 اور گس ایٹکنسن نے 39 رنز بنائے تھے۔سیریز کے آخری اور فیصلہ کن ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔