ضمنی بلدیاتی انتخابات: چیئرمین، وائس چیئرمین کی 23 میں سے 17 نشستوں پر پیپلز پارٹی کے امیدوار کامیاب

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)کراچی و حیدرآباد سمیت سندھ میں ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کو واضح برتری حاصل ہے۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق 11 اضلاع میں چیئرمین، وائس چیئرمین کی 23 میں سے 17 نشستوں پر پیپلز پارٹی کے امیدوار کامیاب ہو گئے۔
غیرسرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق کراچی کی 5 میں سے 4 نشستیں پیپلزپارٹی نے جیت لیں جبکہ ایک پر جماعت اسلامی کامیاب قرار پائی۔
کراچی کے 3 اضلاع میں 5 بلدیاتی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق ضلع غربی، ٹی ایم سی اورنگی، یوسی ون میں چیئرمین کی نشست پر پیپلز پارٹی کی شہنیلا عامر 3 ہزار 801 ووٹ لیکر چیئرپرسن منتخب ہوگئیں جبکہ تحریک لبیک کے محمد علی ایک ہزار 787 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
ضلع غربی ٹی ایم سی منگھوپیر، یوسی 10 میں وائس چیئرمین کی نشست پر پیپلز پارٹی کے اسٹیفن مسیح 891 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے جبکہ اے این پی کے احسن اللہ 324 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
ضلع کیماڑی یو سی 8، ٹی ایم سی بلدیہ میں وائس چیئرمین کی نشست پر پیپلز پارٹی کے محمد فیصل 3 ہزار 132 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے جبکہ آزاد امیدوار حسنین چوہان ایک ہزار 84 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
ضلع شرقی ، ٹی ایم سی سہراب گوٹھ، یوسی 8 میں وائس چیئرمین کی نشست پر پیپلز پارٹی کے شہروز احمد ایک ہزار 790 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے جبکہ جماعت اسلامی کے امیدوار آصف علی خان 73 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر ر ہے۔
ضلع غربی ٹی ایم سی اورنگی یوسی 7 میں جنرل وارڈ ممبر کی نشست پر جماعت اسلامی کے محمد بلال نصیر 791 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے جبکہ پیپلز پارٹی کے شیخ اظہر 749 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
واضح رہے کہ کراچی کے 3 اضلاع سمیت سندھ کے 14 اضلاع کی 28 نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ ہوئی۔
سکھر، خیرپور، گھوٹکی، حیدر آباد، مٹیاری، جامشورو، دادو، بدین، ٹھٹہ، میرپور خاص میں بھی ضمنی بلدیاتی الیکشن کے لیے پولنگ ہوئی۔
پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہا۔