تحصیل کمپلیکس ٹوپی میں مسائل کے حل کیلئے کھلی کچہری کا انعقاد
صوابی(شوکت علی انجم سے) مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات ہوں گے، کمشنر مردان ٹوپی میں کھلی کچہری، شہریوں نے تجاوزات، پانی، ٹریفک، بجلی اور کرپشن سمیت درجنوں مسائل اٹھا دیے صوابی (ہینڈ آ_¶ٹ)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایت پر تحصیل کمپلیکس ٹوپی میں کمشنر مردان ڈویژن نثار احمد اور ڈپٹی کمشنر صوابی نصر اللہ خان کی زیر صدارت کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں تحصیل چیئرمین رحیم خان جدون، اسسٹنٹ کمشنر ٹوپی اور متعلقہ محکموں کے افسران اور علاقہ عمائدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔عوام نے کھلی کچہری میں درجنوں اہم مسائل پیش کیے جن میں سرکاری دفاتر میں عملے کی کمی، آبی راستوں پر تجاوزات، ناقص پینے کا پانی، سولر لائٹس کی خرابی، ریونیو ریکارڈ میں بے ضابطگیاں، گداگری کی آڑ میں جرائم، ٹریفک نظام کی بہتری، ٹوپی بازار میں تجاوزات، بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ، اور زرعی نقصانات کی عدم تلافی جیسے مسائل شامل تھے۔عوام نے مطالبہ کیا کہ پٹوار خانوں میں کمپیوٹر آپریٹرز تعینات کیے جائیں، آبی گذرگاہوں سے تجاوزات ہٹائی جائیں، انتقالات کا نظام سادہ اور شفاف بنایا جائے، اور ملک آباد کازوے کی فوری تعمیر کی جائے جو حالیہ سیلاب میں بہہ گیا تھا۔گدون کے عوام نے حالیہ کلا_¶ڈ برسٹ کے دوران اسسٹنٹ کمشنر ٹوپی کی بروقت کارروائی پر خراج تحسین پیش کیا اور مطالبہ کیا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کام تیز کیے جائیں۔کمشنر مردان نثار احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد عوام کے مسائل سے براہ راست آگاہی حاصل کرنا اور ان کا فوری حل یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آج اٹھائے گئے تمام مسائل پر سنجیدگی سے کارروائی کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر صوابی نصر اللہ خان نے کہا کہ ایس ڈی سی ٹوپی میں نیا عملہ تعینات کیا جائے گا، جبکہ محکمہ مال میں رشوت اور بدعنوانی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر پبلک ہیلتھ، ایریگیشن، تعلیم، سی اینڈ ڈبلیو، PKHA اور دیگر محکموں کے افسران نے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ شکایات کا جلد ازالہ کیا جائے گا۔ محکمہ زراعت کے ضلعی ڈائریکٹر نے بتایا کہ حالیہ سیلاب سے فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات کی رپورٹ تیار کر لی گئی ہے اور صوبائی حکومت اس کا ازالہ کرے گی۔ کمشنر مردان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ آبی راستوں سے فوری طور پر تجاوزات ہٹانے کے لیے کارروائی کی جائے۔