کرسچن برادری نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی میں مثبت کردار ادا کیا: گورنر پنجاب
لاہور(این این آئی)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے یہاں گورنر ہاؤس لاہور میں سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف، پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر قیادت اور مسیحی برادری کے ہمراہ کرسمس کا کیک کاٹا۔اس موقع پرگورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے مسیحی برادری کو کرسمس کے تہوار پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ خوشی کے اس موقع پر ہمیں آپس میں زیادہ سے زیادہ پیار، محبت اور خوشیاں بانٹنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لئے کرسچن برادری کی بہت خدمات ہیں۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ کرسچن کمیونٹی نے پاکستان کے قیام سے لے کر اب تک ملک کی تعمیر و ترقی میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے اور ہم نے مل کر اس ملک کوبنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو سے لے کر صدر آصف علی زرداری تک پیپلز پارٹی کی قیادت نے ہمیشہ مسیحی برادری کو عزت دی اور کلیدی عہدے دئیے۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ آج بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی یوم ولادت بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت کی وجہ سے آج ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کی بات کی ہے۔ علاوہازیں گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان نے پنڈ سلطانی تحصیل جنڈ ضلع اٹک میں سابق چیئرمین یونین کونسل پنڈ سلطانی سردار آصف نواز خان کے قتل کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس پنجاب سے واقعہ کی رپورٹ طلب کی ہے۔انہوں نے آئی جی پولیس کو ہدایت کی ہے کہ اس واقعہ میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ گورنر پنجاب نے سردار آصف نواز خان کے اہل خانہ سے فوری طور پر ٹیلی فونک رابطہ بھی کیا اور ان سے اظہار تعزیت کیا۔
گورنر پنجاب