دشمن ملک سے مذاکرات ہو سکتے ہیں تو 9مئی والوں سے کیوں نہیں: مراد علی شاہ 

  دشمن ملک سے مذاکرات ہو سکتے ہیں تو 9مئی والوں سے کیوں نہیں: مراد علی شاہ 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                                        کراچی (این این آئی)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ مذاکرات جمہوریت کا حسن ہیں، اگر ہم دشمن ممالک سے مذاکرات کر سکتے ہیں تو نو مئی کے ملزمان سے کیوں نہیں، وہ تو ہمارے پاکستانی شہری ہیں، ان لوگوں سے بات کرنا ضروری ہے جنہیں گمراہ کیا گیا ہے اور انہیں اپنا نقطہ نظر تبدیل کرنے میں مدد کرنی چاہیے۔یہ بات انہوں نے مزار قائد کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہی، وزیراعلی نے کابینہ ارکان کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی اور بانی پاکستان قائداعظم کی 148ویں سالگرہ پر مبارکباد دی۔ انہوں نے مسیحی برادری کو بھی کرسمس کی مبارکباد دی،مراد علی شاہ نے کہا کہ قائداعظم نے ہمارا پیارا پاکستان بنایا اور اس ملک کو بیرونی سازشوں سے بچانے کی اہمیت واضح کی۔ اللہ تعالی کی مہربانی سے ہم پاکستان کو قائداعظم کے ویژن کے مطابق آنے والی نسلوں کے لئے پرامن اور خوشحال بنائیں گے۔  انہوں نے یاد دلایا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا، انہوں نے سرحدوں کی حفاظت اور دہشتگردی کے خاتمے  کے لئے پاک فوج کی قربانیوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان معاشی، سیاسی اور سماجی بحران سے باہر نکل رہا ہے اور امن و امان کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔وزیراعلی سندھ نے فلسطین میں اسرائیلی بربریت کی مذمت کی، ایک سوال کے جواب میں مراد علی شاہ نے کہا کہ غیرقانونی تارکین وطن کو نکالنے کے معاملے پر وفاقی اور صوبائی حکومتیں ایک ہیں۔زاہد میرانی کے غیرقانونی افغان شہری کے ہاتھوں قتل کے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیراعلی سندھ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سابق حکومت میں افغانوں کے لئے عام معافی کا اعلان کیا گیا لیکن حکومت سندھ نے کرمنل ریکارڈ سے ایسے لوگوں کی شناخت کی اور انہیں ملک بدر کیا۔مراد علی شاہ نے بتایا کہ ان کے باقاعدہ احتجاج کے بعد ہی وفاقی حکومت نے اس سال سندھ کی ترقیاتی اسکیموں کیلئے 180 ارب روپے مختص کیے ہیں ورنہ تو پچھلے سال تک یہ رقم کم ہو کر پانچ چھ ارب روپے تک رہ گئی تھی،وزیراعلی سندھ نے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ حیدرآباد سکھر موٹروے سمیت ادھورے منصوبے وفاقی فنڈنگ سے جلد مکمل کیے جائیں۔ اس سے پہلے وزیراعلی سندھ نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی سالگرہ کی مناسبت سے مزار قائد پر پھولوں کی چار چڑھائی، فاتحہ پڑھی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کیے۔

مراد علی شاہ

مزید :

صفحہ آخر -