یوٹیلیٹی اسٹورز کے ڈیلی ویجز ملازمین کی ماہانہ تنخواہ 37 ہزار روپے مقرر
کراچی(اسٹاف رپورٹر)یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ہزاروں ڈیلی ویجز ملازمین کے لیے اچھی خبر آ گئی ہے۔ ذرائع یوٹیلیٹی اسٹورز کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز کے ڈیلی ویجز ملازمین کی کم سے کم ماہانہ تنخواہ 37 ہزار روپے مقرر کردی گئی، یو ایس سی کے ڈیلی ویجز ملازمین کی کم سے کم یومیہ اجرت 1427 روپے کردی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ اس سے قبل یوٹیلیٹی اسٹورز کے ڈیلی ویجز ملازمین کی کم سے کم ماہانہ تنخواہ 32 ہزار روپے تھی، اس سے پہلے یو ایس سی کے ڈیلی ویجز ملازمین کی کم سے کم یومیہ اجرت 1231 روپے تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیلی ویجز ملازمین کی یومیہ اجرت میں 196 روپے تک اضافہ ہوجائے گا، میٹرک، انڈر میٹرک ملازمین کی یومیہ اجرت میں 196 روپے بڑھ جائے گی۔ذرائع نے کہا کہ ایف اے، ایف ایس سی، ڈی کام، ڈرائیورز کی یومیہ اجرت میں 115 روپے کا اضافہ ہوگا جبکہ بی اے اور بی ایس سی ملازمین کی یومیہ اجرت 19 روپے بڑھ جائے گی۔ذرائع یوٹیلیٹی اسٹورز کے مطابق وفاقی حکومت کے فیصلے کی روشنی میں کم سے کم تنخواہ میں اضافہ کیا گیا، وفاقی حکومت نے بجٹ میں کم سے کم ماہانہ تنخواہ یا اجرت 37 ہزار روپے مقرر کی تھی۔