کون سا سٹیڈیم چیمپئینز ٹرافی کے سب سے زیادہ میچز کی میزبانی کرے گا؟

کون سا سٹیڈیم چیمپئینز ٹرافی کے سب سے زیادہ میچز کی میزبانی کرے گا؟
کون سا سٹیڈیم چیمپئینز ٹرافی کے سب سے زیادہ میچز کی میزبانی کرے گا؟
سورس: Facebook/PakistanCricketBoard

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان 28 سال بعد آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کرنے جارہا ہے، اس سلسلسے میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے چیمپئنز ٹرافی کے باقاعدہ شیڈول کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آج 8 ٹیموں پر مشتمل آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا، جس کی میزبانی پاکستان 19 فروری سے 9 مارچ تک کرے گا۔

یہ میچز پاکستان کے 3 مقامات راولپنڈی، کراچی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے جبکہ کم از کم 4 میچز کی میزبانی دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم کرے گا۔

کراچی کا نیشنل بینک سٹیڈیم اور راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم 3، 3 گروپ میچوں کی میزبانی کریں گے جبکہ لاہور کا قذافی سٹیڈیم کم از کم 4 میچوں کی میزبانی کرے گا، تمام میچ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے شروع ہوں گے۔

ٹورنامنٹ کا آغاز بدھ 19 فروری کو نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں دفاعی چیمپئن پاکستان اور نیوزی لینڈ کے گروپ اے کے میچ سے ہوگا۔

پاکستان کا دوسرا گروپ میچ اتوار 23 فروری کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں بھارت کے خلاف ہوگا۔ میزبان ٹیم اپنا تیسرا اور آخری گروپ میچ جمعرات 27 فروری کو بنگلہ دیش کے خلاف راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گی۔

گروپ بی میں افغانستان، آسٹریلیا، انگلینڈ اور جنوبی افریقا کو رکھا گیا ہے۔

ہر گروپ کی سرفہرست 2 ٹیمیں سیمی فائنل کھیلیں گی، پہلا سیمی فائنل منگل 4 مارچ کو دبئی میں شیڈول ہے۔ دوسرا سیمی فائنل 5 مارچ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ دونوں سیمی فائنلز کو بھی ریزرو ڈے الاٹ کیے گئے ہیں۔

ایونٹ کا فائنل اتوار 9 مارچ کو شیڈول ہے جس کا مقام لاہور کا قذافی سٹیڈیم یا دبئی کا دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم ہے جس کی تصدیق میچ کے قریب آنے پر ہوگی۔ 10 مارچ فائنل کے لیے ریزرو ڈے ہوگا۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ آئی سی سی کو چیمپینز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان قانونی طور پر 21 نومبر سے پہلے کرنا تھا، 20 نومبر کو یہ خبر سامنے آئی تھی کہ آئی سی سی کے لیے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے پاک بھارت تنازع درد سر بن گیا اور آئی سی سی کا ہنگامی اجلاس بلائے جانے کا امکان ہے۔

آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 1996 اور 2008 کے ایشیا کپ کے بعد پاکستان کو ایک عرصے بعد پہلی بار چیمپئنز ٹرافی 2025 کی صورت میں آئی سی سی کے کسی بڑے ایونٹ کی میزبانی ملی ہے، جس کے تمام میچز اگلے سال 19 فروری سے 19 مارچ تک پاکستان کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) اپنی حکومت کی جانب سے دورہ پاکستان کی اجازت نہ ملنے پر پاکستان آمد سے انکار کرتے ہوئے اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنے کی تجویز پیش کرچکا ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نیوٹرل وینیو پر کھیلنے سے انکاری اور بھارت کے بغیر ٹورنامنٹ کرانے پر مُصر ہے۔

بھارت نے ایشیا کپ 2008 کے بعد سے پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا، جبکہ 13-2012 میں پاکستان کے دورہ بھارت کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کوئی دو طرفہ سیریز بھی نہیں کھیلی گئی ہے۔

گزشتہ سال بھی ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو ملی تھی لیکن بھارت نے پاکستان آنے سے صاف انکار کردیا تھا جس کے بعد ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت کے تمام میچز سری لنکا میں شیڈول کیے گئے تھے، جہاں کولمبو میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے آسانی سے سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا تھا۔

پاکستان اس چیمپئنز ٹرافی میں دفاعی چیمپئن کے طور پر شریک ہوگا، آخری بار چیمپئنز ٹرافی 2017 میں ہوئی تھی جو پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں جیتی تھی۔

مزید :

کھیل -