ملکی تاریخ میں پہلی بار سکول ہاکی لیگ،آزادی کپ کا آغاز

ملکی تاریخ میں پہلی بار سکول ہاکی لیگ،آزادی کپ کا آغاز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(لیڈی رپورٹر)وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی ہدایت پر ملکی تاریخ میں پہلی بار سکول ہاکی لیگ اور وزیر اعلیٰ پنجاب آزادی کپ ٹورنامنٹ کا آغاز ہو گیا۔ اس ضمن میں سکولوں کی سطح پر ہاکی کے کھلاڑیوں کی سلیکشن اور تربیتی کیمپس کا مرحملہ مکمل ہونے کے بعد اب تحصیل لیول پر منتخب کھلاڑیوں کی ٹریننگ کے لیے کیمپس قائم کر دئیے گئے ہیں۔ 25 جولائی سے شروع ہونے والے ان تربیتی کیمپس کا پہلا مرحلہ 27 جولائی کو مکمل ہوگا جس کے بعد 29 سے 31 جولائی تک ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہاکی گراؤنڈز میں انٹر سکولز ہاکی ٹورنامنٹ کے میچز ہوں گے جبکہ ڈسٹرکٹ لیول پر ہاکی ٹیموں کے انتخاب کا مرحلہ بھی 31 جولائی تک مکمل کر لیاجائے گا۔ ڈسٹرکٹ ہاکی ٹیموں کے تربیتی کیمپس اور انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی ٹورنامنٹ کے میچز کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد 6 سے 13 اگست تک نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں صوبائی سطح پر ہاکی ٹورنامنٹ کے میچز منعقد کیے جائیں گے۔ 

وزیر تعلیم رانا سکندر حیات اور سیکرٹری سکولز ایجوکیشن پنجاب ڈاکٹر احتشام انور نے ڈی پی آئیز، سی ای اوز، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز، ڈویڑنل ڈائریکٹرز اور محکمہ تعلیم کے دیگر افسران کو اسکول ہاکی لیگ کے انعقاد کے حوالے سے موثر انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب پاکستان میں قومی کھیل ہاکی کی بحالی کے لیے پرعزم ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب آزادی کپ کا انعقاد ہاکی کے احیاء_  و فروغ کیلئے کیا جا رہا ہے۔ وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ اس ایونٹ کے انعقاد کا مقصد گراس روٹ لیول پر ٹیلنٹ کی تلاش ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی متحرک قیادت میں پہلی مرتبہ سرکاری تعلیمی ادارے قومی کھیلوں کی بحالی کے لیے نرسری بن رہے ہیں۔ ہاکی کے مقابلہ جات اور وزیر اعلیٰ پنجاب آزادی کپ ٹورنامنٹ کے انعقاد کا فیصلہ بھی وزیر اعلیٰ پنجاب کے قومی کھیل کے فروغ کے ویڑن کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔