بلوچستان میں دہشتگرد حملے پلاننگ سے کئے گئے، پیچھے دشمن ملک ہے: رانا ثنا اللہ
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشتگرد حملے پلاننگ سے کئے گئے، پیچھے دشمن ملک ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشتگردی کے پیچھے وہ ممالک ہیں جنہوں نے گزشتہ 75 سال سے ہمارے ملک کے وجود کو تسلیم ہی نہیں کیا، اس دہشتگردی کا اسی انداز سے مقابلہ اور قلع قمع ہونا چاہئے جس طرح دیگر دہشتگرد تنظیموں کے خلاف ہوا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ دہشتگردوں نے منظم ہوکر پروگرام بناکر ایک دن میں تین چار واقعات کئے، دہشتگردوں کی نہ اتنی تعداد ہے نہ اتنی قوت، ہماری فورسز میں اتنی اہلیت ہے کہ دہشتگردوں کا خاتمہ کر سکتے ہیں، دہشتگرد کبھی کبھار چھپ کر کوئی بس روکتے ہیں اور ایسا واقعہ کرتے ہیں، ہمیں اپنی فورسز کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے۔رہنما ن لیگ نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کو جب موقع ملتا ہے وہ ٹولیوں کی صورت میں ایسے واقعات کردیتے ہیں، دہشتگرد کوئی بہت بڑی قوت نہیں، ان کی رٹ قائم نہیں ہوسکتی، نیشنل سکیورٹی کمیٹی کی میٹنگ بالکل ہوگی، پہلے بھی ہوتی رہی ہے، کمیٹی بڑے تسلسل کے ساتھ ملتی ہے۔
سیاسی صورتحال کے حوالے سے بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ کسی بھی وقت بیٹھا جاسکتا ہے، فتنہ ایک ہی ہے، وہ پی ٹی آئی کہہ لیں یا بانی پی ٹی آئی، عمران خان کسی کے ساتھ نہ بات کرنے کو تیار ہیں نہ بیٹھنے کو۔ان کا کہنا تھا کہ جب عمران خان اقتدار میں تھے تو کہتے تھے کسی کو نہیں چھوڑوں گا، اب کہتے ہیں میں نہیں تو پاکستان نہیں، ان کی سیاست میں ایسا خلل ہے جس کو حل ہونا چاہئے، باقی کوئی سیاسی جماعت ایسی نہیں جو ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھ کر معاملات حل نہ کرسکے۔
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور نے اپنی گفتگو میں مزید کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان کوئی فائرنگ نہیں ہوئی، سیاسی جماعتیں اور کارکن بیان نہ دیں تو پھر کیا کریں گے، سیاسی بیان بازی ہوتی رہنی چاہئے۔