اے این ایف:4 کارروائیوں میں 5 ملزمان گرفتار ، 49 کلو منشیات برآمد
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے عملے نے منشیات سمگلنگ کے خلاف تعلیمی اداروں اور ملک کے مختلف شہروں میں 4 کارروائیوں کے دوران 5 ملزمان کو گرفتار کرکے 49 کلو گرام منشیات برآمد کرلی۔ برآمد شدہ منشیات کی مالیت 54 لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز نے حکام کے حوالے سے بتایا کہ راولپنڈی میں یونیورسٹی کے قریب کارروائی کے دوران گرفتار ملزم کے قبضے سے 250 گرام چرس برآمد ہوئی۔
گرفتار ملزم نے راولپنڈی اور اسلام آباد کے تعلیمی اداروں کے طلبا کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
گوجرانوالہ میں نیو محمد آباد کے قریب گاڑی میں چھپائی گئی 44.4 کلو چرس اور 2.4 کلو افیون برآمد کرلی گئی، اس کارروائی میں دو ملزمان گرفتار کئے گئے۔
اٹک میں بھی اقبال شہید ٹول پلازہ کے قریب ملزم کے قبضے سے 1.2 کلو چرس برآمد کی گئی۔